دبئی، 24 دسمبر (آئی اے این ایس) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹسٹ فتوحات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو آئی سی سی مینز کی تازہ ترین درجہ بندی میں بڑا فائدہ حاصل ہوا ہے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے یہ دوہری خوشی کا موقع رہا، جہاں ایک جانب آسٹریلیا نے گھریلو ایشز سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ناقابلِ شکست 3-0 کی برتری حاصل کر لی، وہیں بلیک کیپس نے ماؤنٹ ماونگانوئی میں ویسٹ انڈیزکے خلاف 2-0 سے سیریز اپنے نام کی۔ ان شاندار کارکردگیوں کے بعد آسٹریلیا کے کئی کھلاڑی ٹسٹ بیٹنگ اور بولنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقامات کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ٹسٹ میں ٹریوس ہیڈ نے 219 گیندوں پر دوسری اننگز میں 170 رنز کی شاندار اننگزکھیل کر آسٹریلیاکو 82 رنز سے فتح دلائی۔ اس کارکردگی کے نتیجے میں ہیڈ چار درجے ترقی کرکے 815 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے، جہاں وہ اپنے ساتھی اسٹیو اسمتھ کے ساتھ موجود ہیں۔ ایلکس کیری کی پہلی اننگز میں سنچری نے انہیں چھ درجے ترقی کے ساتھ اور وہ 737 کی اپنی اب تک کی بلند ترین ریٹنگ کے ساتھ نویں مقام پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی مضبوط بیٹنگ کارکردگی نے ویسٹ انڈیزکے خلاف فتح کو یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں کیویز نے سیریز 2-0 سے جیت لی۔ راچن رویندراکی 72 اور 46 رنزکی ناقابلِ شکست اننگز نے انہیں پانچ درجے ترقی دے کر 13ویں نمبر پر پہنچا دیا، جبکہ ڈیون کانوے کی 227 اور 100 رنزکی شاندار اننگز نے انہیں 681 کی کیریئر کی بہترین ریٹنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر 17ویں مقام پر پہنچا دیا۔ کیوم ہوج کی جارحانہ 123 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کے باعث وہ 11 درجے ترقی کر کے 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے، جو ان کے کیریئر کی اب تک کی بلند ترین درجہ بندی اور ریٹنگ ہے۔ بولنگ کے شعبے میں دوآسٹریلوی بولرز اب ٹسٹ رینکنگ میں جسپریت بمراہ کو چیلنج کرنے کی بہترین موقف میں ہیں۔ مچل اسٹارک تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پیٹ کمنز چار درجے ترقی کرکے 849 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ایڈیلیڈ ٹسٹ میں دونوں نے مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کیں اورکمنز فاسٹ بولر بمراہ سے محض 30 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ اسٹارک نے ایک اہم نصف سنچری کھیل کر ٹسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ترقی حاصل کی اور 311 ریٹنگ کے ساتھ ایشز حریف بین اسٹوکس کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
