ہیڈ کانسٹبل غنی کی ہلاکت کیس میں 4 گرفتاریاں

   

جئے پور 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چار افراد بشمول ایک عورت کو گزشتہ روز ضلع راج سمند میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹبل کی مبینہ ہلاکت کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہیڈ کانسٹبل عبدالغنی جو بھیم پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھے، ہفتہ کو ایک دیہاتی کی طرف سے ناجائز قبضے کے کیس کی تحقیقات کے لئے گاؤں گئے تھے۔ جب غنی گاؤں سے موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن واپس ہورہے تھے، اُن پر 8 افراد نے حملہ کیا جن میں ملزم ناگیشور اور اُس کی فیملی کے ارکان شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ لاٹھیوں اور سلاخوں سے مارا گیا۔ غنی ہفتہ کی شام بھیم کے اسپتال میں دوران علاج فوت ہوگیا۔ اپنے زخموں سے جانبر نہ ہونے سے قبل ہیڈ کانسٹبل نے ایس ایچ او کو بیان دیا کہ اُس پر ناگیشور اور اُس کے دوستوں نے حملہ کیا۔ اُن لوگوں نے اُس کے پاس موجود فائیلیں، پرس اور دیگر اشیاء بھی چھین لئے۔ ناگیشور کی ماں نائنا دیوی بھی موجود تھی اور حملہ آوروں کو اُکسارہی تھی۔