نظام آباد پولیس کمشنر نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا، تحقیقات جاری
نظام آباد :18؍ ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد کے پولیس کمشنریٹ کے اندلوائی پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیڈ کانسٹبل آج سب انسپکٹر کی ریوالور سے گولی مار کر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے بموجب اندلوائی پولیس اسٹیشن میں 2 سال سے خدمات انجام دینے والے پرکاش ریڈی آج صبح 8 بجے لاکر سے سب انسپکٹر کی ریوالور نکالی اور کنپٹی پر رکھ کر گولی مار لی۔ فوری عملہ ، سب انسپکٹر راج شیکھر کو اطلاع دینے پر نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بعد معائنہ مردہ قرار دیا ۔ اطلاع کے ملتے ہی پولیس کمشنر کارتیکیا یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور اے سی پی نظام آباد سرینواس کمار کو اس خصوص میں تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ۔ قبل ازیں ہیڈ کانسٹیبل پرکاش ریڈی ڈچپلی پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دی تھی اور دو سال سے اندلوائی پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے تھے اور 8 ماہ کے بعد وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے تھے ۔ اس کیس کے مسئلہ پر سب انسپکٹر سے بحث ہونے کے بعد یہ انتہائی اقدام کرنے کی افواہیں سرگرم ہیں ۔ لیکن اے سی پی نے اسے مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ اس بارے میں خاندانی افراد سے بات چیت کے بعد ہی حقائق کا انکشاف کیا جاسکتا ہے ۔ پرکاش ریڈی کے افراد خاندان بھی تنائو کی وجہ سے ہی خودکشی کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ پرکاش ریڈی ہمیشہ پولیس اسٹیشن میں ہی خدمت انجام دیا کر تے تھے اور ذہنی تنائو کا شکار میں مبتلا رہا کرتے تھے۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے ۔ پولیس اس خصوص میں مصروف تحقیقات ہے ۔
