احمد آباد ۔ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین سے یہ شکست برداشت نہ ہوئی اور متعصب چہرہ عیاں ہورہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فائنل میں سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور بیٹی کو عصمت ریزی کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈرگلین میکس ویل کی ہندوستانی اہلیہ نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دھمکیی آمیز پیغامات موصول ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جمی نیشم نے ہندوستانی شائقینِ کرکٹ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کا اعتراف اپنی انسٹا اسٹوری میں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی شائقین آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے درمیان فرق کرنا نہیں جانتے۔ دیگر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شائقینِ کرکٹ کو تعصبی رویے کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آسٹریلوی کرکٹر کی اہلیہ اورایک سالہ بیٹی کو عصمت ریزی کی دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی اور ان تمام کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔