ہیکنگ کے ملزم ، روسی شہری کو بلغاریہ نے امریکہ کے حوالے کردیا

   

ماسکو 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بلغاریہ نے ایک روسی شہری کو امریکہ کے حوالے کردیا ہے جس کے خلاف امریکی عدالت نے امریکہ میں ہیکنگ اسکیم کا الزام وضع کیا ہے ۔ واشنگٹن میں روسی سفارتخانہ نے یہ بات بتائی ہے ۔ روسی سفارتخانہ نے ایک بیان میں کہا کہ الیکژینڈر زہوکوف کو 18 جنوری کو امریکہ کے حوالے کیا گیا ہے اور اسے برکولین میں ایک جیل میں رکھا جا رہا ہے ۔ سفارتخانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیویارک میں قائم قونصل خانہ کے ملازمین ان سے جیل میں جلدی ہی ملاقات کرینگے ۔ زہوکوف ان آٹھ افراد میں شامل ہے جن کے خلاف عدالت نے فرضی اشتہاری اسکیم چلانے کے الزامات عائد کئے تھے ۔
ان ملزمین میں بیشتر روسی باشندے شامل ہیں۔ امریکہ میں قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی ہیکنگ اسکیم کے نتیجہ میں امریکہ میں کئی تاجروں کو کئی بلین ڈالرس کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ زہوکوف کا اصل تعلق سنٹ پیٹرس برگ سے ہے اور وہ ہیکنگ کیلئے شہرت رکھتا ہے ۔