کے سی آر کی تجویز ، سرپنچ سے رکن پارلیمنٹ تک عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد ۔5۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہتر حکمرانی کے لئے عوامی نمائندوں کو ٹریننگ فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ سرپنچ سے لے کر رکن پارلیمنٹ تک کے تمام عوامی نمائندوں کا مہا سمیلن حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو پنچایت راج ، ریونیو اور دیگر قوانین کے بارے میں واقف کرایا جائے گا ۔ عوام کی بہتر خدمت کے لئے چیف منسٹر ریاست کے تقریباً 20,000 منتخب نمائندوں کو ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کیلئے مہا سمیلن کی تجویز رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی کوشش ہے کہ تاکہ عوامی منتخب نمائندوں کو جواب دہ بنایا جاسکے ۔ چیف منسٹر حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر نے تین روزہ اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں۔ تمام گرام پنچایتوں کے سرپنچ ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے سربراہ ، منڈل صدور ، منڈل اور ضلع پرجا پریشد کے صدور نشین ، ار کان اسمبلی و کونسل ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینکس کے صدور نشین ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان مہا سمیلن میں شرکت کریں گے ۔ گرام پنچایت سے پارلیمنٹ کی سطح تک عوامی نمائندوں کو حکومت کی اسکیمات اور قوانین کے مطابق مسائل کی یکسوئی کی تربیت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سابق میں تمام عوامی نمائندوں کے لئے اس طرح کا اجلاس کبھی بھی منعقد نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ مہا سمیلن اسمبلی بجٹ اجلاس کے بعد ہوگا۔ بجٹ سیشن کا 6 مارچ سے آغاز ہورہا ہے اور توقع ہے کہ مارچ کے تیسرے ہفتہ تک اجلاس جاری رہے گا۔