پٹنہ۔24؍اگست ( ایجنسیز ) بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے ایس آئی آر اور ووٹر لسٹ معاملے کو لے کر کانگریس اور آر جے ڈی سمیت تقریباً سبھی اپوزیشن پارٹیاں ووٹر ادھیکار یاترا پر ہیں۔ ’ووٹ چور۔ گدّی چھوڑ‘ کے نعروں سے بہار کی فضا گونج رہی ہے۔ راہول گاندھی اور تیجسوی یادو 17 اگست سے پورے بہار کے دورہ پر ہیں۔ ملک کے کئی بڑے رہنما بھی اس یاترا میں شریک ہو رہے ہیں۔ اب اس یاترا میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی شامل ہونے والی ہے۔پرینکا گاندھی 26 اور 27 اگست کو بہار کا دورہ کریں گی۔ پرینکا کے ووٹر ادھیکار یاترا میں شمولیت سے اس سفر کو کافی تقویت ملنے کا امکان ہے۔ اپنے دو روزہ دورے میں پرینکا 26 اگست کو سوپول ضلع میں رہیں گی۔ رات میں آرام کے بعد دوسرے دن وہ سیتامڑھی کا دورہ کریں گی۔ یہاں وہ جانکی مندر میں پوجا بھی کریں گی۔ ان دو دنوں میں پرینکا بہار کی نصف آبادی خواتین ووٹروں کو ریاستی حکومت کی خامیوں اور حقیقت سے روشناس کرانے کی کوشش کریں گی۔غور طلب ہے کہ جس دن پرینکا گاندھی بہار کے دورہ پر رہیں گی، اسی دن ہرتالیکا تیج ورت ہے۔ بہار میں یہ ورت شادی شدہ خواتین پورے دن ’اُپواس‘ رکھ کر کرتی ہیں اور اپنے شوہر کی طویل عمری کی دعا مانگتی ہیں۔ اس لحاظ سے پرینکا گاندھی کی خواتین کے درمیان موجودگی کافی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔پرینکا گاندھی جس جگہ دورہ کریں گی، وہ این ڈی اے کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ کانگریس اور اپوزیشن اتحاد کی کوشش ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں جس طرح شاہ آباد میں این ڈی اے کا صفایا کر دیا گیا اسی طرح شمالی بہار میں بھی این ڈی اے کا صفایا ہو اور اس کے لیے خواتین ووٹروں کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے۔