یاترا کا مقصد لوگوں سے ملنااور مسائل کو سمجھنا ہے:راہول

,

   

آندھرا پردیش میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا دوسرا دن ،پریس کانفرنس سے خطاب

ادونی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کو اپنے لیے ایک تپسیا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد لوگوں سے جڑنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے اور اس یاترا کے ذریعے ان کا مقصد پورا ہو رہا ہے۔ چہارشنبہ کو آندھرا پردیش کے کرنول ضلع کے اڈونی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی اس سمت میں آگے بڑھ رہی ہے جس کے لئے انہوں نے ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا اہتمام کیا تھا اور ان کا مقصد پورا ہو رہا ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کا مقصد ملک میں پھیلے تشدد کے خلاف کھڑا ہونا ‘ ہندوستان اور ہندوستان کے لوگوں کو ایک ساتھ لانا ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت نے آندھرا پردیش سے جو وعدہ کیا ہے، میں اور ہماری پارٹی اس وعدے پر قائم ہیں اور اسے پورا کیا جانا چاہئے۔ کانگریس ملک کے ہر فرد کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں اندرونی جمہوریت ہے جبکہ بی جے پی، تلگو دیشم پارٹی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی سبھی خود مختار ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ کبھی پریس کانفرنس نہیں کرتے لیکن کانگریس پریس کے سوالوں سے نہیں ڈرتی اور وقتاً فوقتاً وہ پریس کے سامنے آکر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’یہ یاترا میرے لیے ایک تپسیا ہے جس میں مجھے اپنے لوگوں سے ملنے اور سمجھنے کا موقع مل رہا ہے، اس لیے اس سفر کا میرے لیے اس سے زیادہ کوئی اور مقصد نہیں ہے۔‘‘ راہول گاندھی نے منگل کی رات اڈونی ڈویژن کے چھگی گاؤں میں قائم کیمپ کے قریب خصوصی طور پر تیار کی گئی بس میں آرام کیا۔ ریاست میں یہ یاترا 21 اکتوبر تک چلے گی اور 119 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ اس کے بعد یہ پد یاترا دوبارہ کرناٹک میں داخل ہوگی۔ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی نے اس یاترا کے لیے تمام انتظامات کیے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے صدر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں 23 اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیان تقریباً 350 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کی کامیابی کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔

میراکردار پارٹی صدر طے کریں گے:راہول

کرنول : آندھرا پردیش میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے کہا کہ میں اپنے اور نہ ہی کانگریس صدر کے کردار کے بارے میں کچھ کہہ سکتا ہوں۔ وہ کام کھرگے صاحب کا ہے۔ میرا کردار کیا ہوگا، یہ نئے صدر کا فیصلہ ہوگا۔چہارشنبہ کو اس یاترا کے دوران راہول نے آندھرا پردیش میں پریس کانفرنس کی۔ اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ اس بارے میں بتائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس صدر پارٹی میں سب سے اوپر ہیں۔ ہر رکن اسپیکر کے پاس جاتا ہے، وہ پارٹی میں میرے کردار کا فیصلہ کریں گے، براہ کرم کھرگے جی اور سونیا جی سے پوچھیں۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران راہول نے بی جے پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی سوالات اٹھائے۔ ہر کوئی کانگریس میں انتخابات کے بارے میں سوالات پوچھتا ہے۔مجھے فخر ہے کہ کانگریس میں کھلے اور شفاف انتخابات ہوئے ہیں۔ بی جے پی اور دیگر علاقائی پارٹیوں سمیت دیگر پارٹیوں میں انتخابات میں کسی کو دلچسپی کیوں نہیں ہے۔واضح ہوکہ کانگریس صدر کے انتخاب کے نتائج آ چکے ہیں۔ سینئر لیڈر کھرگے کو 7 ہزار 897 ووٹ ملے ہیں۔ جبکہ تھرور کے کھاتے میں ایک ہزار سے زیادہ ووٹ آئے۔