800 میگاواٹ کا پلانٹ قوم کے نام معنون، بھٹی وکرمارکا ، سکھیندر ریڈی اور ریاستی وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے نلگنڈہ ضلع کے دامرچرلا نے یادادری تھرمل پاور پراجکٹ میں 800 میگاواٹ برقی تیاری کی صلاحیت رکھنے والے پہلے یونٹ کو قوم کے نام معنون کیا۔ اس موقع پر صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، وزراء اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، اے لکشمن اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔ قبل ازیں ریاستی وزراء نے یادادری تھرمل پاور اسٹیشن میں انٹیگریٹیڈ ٹاؤن شپ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ 55 ایکر پر 970 کروڑ سے انٹیگریٹیڈ ٹاؤن شپ تعمیر کی جائیگی۔ اس موقع پر وزراء نے شجرکاری میں حصہ لیا۔ بھٹی وکرمارکا نے ٹاؤن شپ کیلئے اراضی دینے والے خاندانوں کو روزگار کی فراہمی کا تیقن دیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سابق حکومت نے 2015 میں 800 میگاواٹ برقی صلاحیت کے 5 مراکز تعمیر کئے تھے۔ 2017 میں تعمیری کاموں کا آغاز ہوا۔ ابتداء میں 30,000 کروڑ کا تخمینہ کیا گیا ، تاہم مزید 5000 کروڑ کے خرچ کی صورتحال پیدا ہوئی ۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 2 برقی یونٹس کا آغاز کیا جبکہ تیسرے یونٹس کا آج افتتاح عمل میں آیا۔ بھٹی وکمارکا نے کہا کہ تیسرے و چوتھے یونٹ کی تعمیر کا کام اختتامی مراحل میں ہیں۔ جاریہ سال کے اختتام تک دونوں برقی یونٹس کارکرد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں یونٹ کے کام مارچ 2026 تک مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ سے تین کیلو میٹر کے فاصلہ پر ملازمین کیلئے 60 ایکر اراضی پر میگا ٹاؤن شپ تعمیر کی جارہی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ آئندہ سال 26 جنوری تک یادادری پاور پلانٹ سے 4000 میگاواٹ برقی کی تیاری کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت پر برقی پلانٹس کی تعمیر میں کوتاہی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری تک حکومت 4000 میگاواٹ برقی تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ پاور پلانٹ کے اطراف مقیم خاندانوں کو مفت تعلیم اور مفت طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ یادادری اور پلی چنتلا پراجکٹ میں اراضی سے محروم افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے یادادری تھرمل پاور پلانٹ سے 4000 میگاواٹ برقی تیاری کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس سے تاحال 1600 میگاواٹ برقی تیار کی جارہی ہے ۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ کے کام تیزی سے جاری ہیں اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے پراجکٹ کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔1