یادادری تھرمل پاور پراجکٹ کے کاموں کی جنگی خطوط پر تکمیل پر زور

   

کاموں میں تاخیر پر دوسری کمیٹی سے معاہدہ کرنے بی ایچ ای ایل کو انتباہ ، ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزراء کا دورہ
نلگنڈہ۔/24 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یادادری تھرمل پاور پلانٹ کے کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے جنگی پیمانے پر مکمل کرنے میں حکومت ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ عہدیدار اپنی پرانی عادتوں کو تبدیل کریں۔ 4000 میگا واٹ بجلی تیاری پلاٹ کا آج نائب وزیر اعلیٰ مسٹر بٹی وکرامارکا، ریاستی وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز مسٹر این اتم کمار ریڈی، ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر کے وینکٹ ریڈی کے ہمراہ معائنہ کیا اور بعد ازاں جائزہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاور پراجکٹ کے کاموں میں تاخیر سے سرکاری خزانہ پر زائد بوجھ عائد ہوگا ، ریاستی حکومت اس خصوص میں ایک خصوصی پالیسی کو اپنانے بھی تیار ہے۔ اس پلانٹ میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں، اور کہا کہ بی ایچ ای ایل انڈر ٹیکنگ کی جانب سے تیزی سے مکمل کرنے میں ناکام ہونے پر کسی دوسری کمیٹی سے معادہ کرنے کا بھی انتباہ دیا۔ ریاستی حکومت ریاست بالخصوص ضلع نلگنڈہ کے زیر التواء تمام پراجکٹس کو تکمیل کرنے میں سنجیدہ ہے اور کہا کہ عہدیداروں نے بتایا کہ ماہ ستمبر میں 1600 میگا واٹ بجلی کی تیاری ہوگی اور 2025 تک پانچ یونٹ مکمل کام کرنا شروع ہوجائیں گے۔ ریاست کو 4 ہزار میگا واٹ بجلی کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ پراجکٹ سے پیدا ہونے والی آلودگی سے عوام کو محفوظ رکھنے پر بھی غور کرنے پر زور دیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ مقامی عوام کو روزگار فراہم کریں ۔ وزیر سیول سپلائیز مسٹر این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کورونا وباء کے دورن کاموں کو مکمل طور پر روک دیا گیا تھا۔ اے گریڈ کوئلہ کو حاصل کرنے کیلئے عہدیدار منصوبہ تیار کریں۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے ملازمین کو درکار سہولتوں سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے اور پلانٹ میں خدمات انجام دینے والے تمام ملازمین کو کوارٹرس فراہم کئے جائیں گے۔ قبل ازیں ریاستی وزیر کو سی ایم ڈی ٹرانسکو و جینکو جناب غلام مرتضیٰ رضوی نے پلانٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ شریمتی داسا ہری چندنا، سپرنٹنڈنٹ پولیس نلگنڈہ شریمتی چندنا دپتی، جوائنٹ کلکٹر نلگنڈہ سرینواس نے خیرمقدم کیا۔ جائزہ اجلاس میں رکن اسمبلی مریال گوڑہ کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔