حیدرآباد۔4۔نومبر (سیاست نیوز) یادادری مندر کے تزئین نو کے کاموں کے لئے سونے کا عطیہ دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یادادری مندر کے لئے سونے کا عطیہ دیں۔ ابھی تک کئی عوامی نمائندوں اور صنعتی اداروں نے عطیات کا اعلان کیا۔ تازہ ترین اعلانات پرگی کے رکن اسمبلی کے مہیش ریڈی اور ایم اے کے گروپ کے صدرنشین مرلی کرشنا ریڈی کا ہے جنہوں نے فی کس ایک کیلو سونا بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ مندر کے اہم حصہ کی تعمیر کے سلسلہ میں 125 کیلو سونا درکار ہے تاکہ نقش و نگار میں استعمال کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک حکومت کو 35 کیلو سے زائد سونا بطور عطیہ دینے کی پیشکش موصول ہوچکی ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کے مہیش ریڈی نے پرگی کے عوام کی جانب سے ایک کیلو سونا بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ ایم اے کے گروپ کے صدرنشین مرلی کرشنا ریڈی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ تاریخی یادادری مندر کی تعمیر میں حصہ داری کمپنی کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے ایک کیلو سونا بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ سونے کے علاوہ حکومت عوام سے رقمی عطیات بھی حاصل کر رہی ہے اور ریزرو بینک آف انڈیا سے سونے کی خریدی کا منصوبہ ہے۔ ر