یادادری مندر کی تزئین و ترقیاتی کام نقائص سے پاک ہوں

,

   

چیف منسٹر کی ہدایت ۔ مندر میں درشن اور خصوصی پوجا ۔ 75 کروڑ کی اجرائی کی ہدایت

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ یادداری مندر کو مقدس مقام کے طور پر ترقی دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ مندر کا کامپلکس کئی برسوں تک موجود رہے گا اس لئے یہاں جاری تزئین و ترقیاتی کام کسی جلد بازی کے بغیر ہونے چاہئیں اور ان میں کسی طرح کی خامیاں اور نقائص بھی نہیں ہونے چاہئیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تعمیراتی و تزئین کے کام یہاں کی روایات اور شاستروں کے مطابق ہونی چاہئے ۔ انفرا اسٹرکچر کی سہولیات مختلف خصوصی پوجا اور دیگر امور کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں آنے والے بھکتوں کی سہولیات کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یادادری مندر کے تعمیراتی کاموں کو انتہائی خوبصورت بنائیں۔ کے چندر شیکھر راو نے آج دو پہر یادادری مندر کامپلکس کا دورہ کیا ۔ یہاں درشن کیا اور خصوصی پوجا کی ۔ چیف منسٹر نے تقریبا چھ گھنٹوں تک مندر کے تعمیراتی و تزئین کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے تجویز کیا کہ مندر کی رنگ روڈ کو نیکلس روڈ کی طرز پر تیار کیا جانا چاہئے ۔ اس رنگ روڈ کو روشنیوں سے روشن اور سبزہ زار سے خوبصورت بنانا چاہئے ۔ یہاں پیدل چلنے اور سائیکلنگ کیلئے بھی ٹریک ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سارا انفرا اسٹرکچر اس اعتبار سے تیار کرنے کی ضرورت ہے کہ چاہے جتنی تعداد میں بھکت یہاں آئیں وہ سہولت کے ساتھ درشن کرسکیں اور یہاں توقف کرسکیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مندر کامپلکس سے متصل جو گنڈی پیٹ ٹینک ہے اسے ہر دو ماہ میں پانی سے پر کیا جانا چاہئے اور اس کیلئے کالیشورم سے پانی حاصل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مندر کامپلکس اور سارے شہر میں ہر طرف سبزہ زار ہونا چاہئے اور اس کیلئے ٹاون میں زیادہ تعداد میں درخت اگائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی آرکٹیکٹس کو گنڈی پیٹ ٹینک کو خوبصورت بنانے کا ذمہ سونپا جانا چاہئے اور اطراف علاقہ کو سیاحتی مرکز بنایا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہاں 365 کوارٹرس جو بنائے جا رہے ہیں انہیں تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید 200 ایکڑ اراضی پر یہ کاٹیجس بنائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پرنسپل سکریٹری فینانس کو فون پر ہدایت دی کہ وہ مندر کے کاموں کیلئے آئندہ تین ہفتوں میں 75 کروڑ روپئے جاری کریں ۔