حیدرآباد صدر سمیلن سے خطاب، بنڈارودتاتریہ، ریاستی وزراء اور بی جے پی صدر کی شرکت
حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یادو طبقہ کو سیاسی مواقع فراہم کرنے میں ترجیح دی جائے گی اور انہیں حکومت کی تمام ویلفیر اسکیمات کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج این ٹی آر اسٹیڈیم میں صدر سمیلن میں شرکت کی جس کا اہتمام سری کرشنا صدر سمیلن اتسو سمیتی کی جانب سے کیا گیا۔ ہر سال دیپاولی کے موقع پر صدر سمیلن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے یادو طبقہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یادو کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یادو کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔ وہ اپنے مسائل کے لئے رجوع ہوسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ یادو کمیونٹی کو بہتر سیاسی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے یادو سماج سے حیدرآباد کی ترقی میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے علیحدہ تلنگانہ تحریک اور نئی ریاست کی تعمیر نو میں یادو کمیونٹی کے رول کی ستائش کی۔ تلنگانہ حکومت نے صدر اتسو کو ریاستی فیسٹیول کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کی جانب سے فنڈس فراہم کئے جاتے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء پونم پربھاکر، وی سری ہری، پی سرینواس ریڈی، جی ویویک وینکٹ سوامی، سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ، رکن ساجیہ سبھا انیل کمار یادو، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے شرکت کی۔ 1