1569 خاندانوں کیلئے 25 ہزار ماہانہ پنشن کا اعلان، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا الزام عائد کیا اور کہاکہ یادگار پر شہیدان تلنگانہ کے ناموں کو شامل نہ کرتے ہوئے اُن کی توہین کی گئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اعلان کیاکہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی 1569 شہیدان تلنگانہ کے ناموں کو یادگار پر درج کیا جائے گا۔ اُنھوں نے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو ماہانہ 25 ہزار روپئے وظیفے کا اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے یادگار کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہاکہ آندھرائی کنٹراکٹر کو تعمیری کام الاٹ کیا گیا جس نے انتہائی ناقص کام انجام دیا۔ ریونت ریڈی کے مطابق یادگار شہیدان تلنگانہ کی لاگت میں کے ٹی آر کی ایماء پر اضافہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کو سیاسی اغراض کے لئے استعمال کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران 1569 افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی لیکن بی آر ایس حکومت نے قربانیوں کو فراموش کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یادگار کی تعمیر کے لئے حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ 28 جون 2018 ء کو ٹنڈر جاری کرتے ہوئے 63 کروڑ 75 لاکھ مالیت طے کی گئی۔ آندھرائی کمپنی نے 3 علیحدہ فرضی ناموں سے ٹنڈرس داخل کئے اور کے سی پلیا کمپنی کو ٹنڈر الاٹ کیا گیا۔ یہ کمپنی کڑپہ ضلع سے تعلق رکھتی ہے اور کمپنی کے مالک کے ٹی آر کے دوست ہیں۔ جس کے نتیجہ میں یادگار کی تعمیر کی مالیت 127.50 کروڑ کی گئی۔ بعد میں اِسے بڑھاکر 158.85 کروڑ کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ یادگار کی تعمیر کی تکمیل تک جملہ خرچ 179 کروڑ کا ہوا ہے۔ اُنھوں نے یادگار پر شہیدوں کے نام شامل نہ کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ یادگار کے لئے بھی عوامی رقومات میں بے قاعدگیاں کی گئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت نے شہیدان تلنگانہ کی تفصیلات بھی جمع نہیں کی ہیں اور وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی شہیدان تلنگانہ کی تعداد سے تک واقف نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 9 ڈسمبر کو کانگریس پارٹی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی اور تمام 1569 خاندانوں کے لئے سونیا گاندھی فیملی کے ساتھ کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے محض چند خاندانوں کی مدد کی ہے۔ ریونت ریڈی نے سابق وزیر محمد علی شبیر کو قیامگاہ پر محروس رکھنے کی مذمت کی اور کہاکہ اُنھیں عازمین حج سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ بنڈی سنجے کے الزامات پر ریونت ریڈی نے کہاکہ بی جے پی صدر کا دماغی توازن بگڑ چکا ہے۔ ر