یاقوت پورہ اور دیگر علاقوں میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ

   

جی ایچ ایم سی کے اشتراک سے ڈی آر ایف ٹیمیں سرگرم ، بھاری پولیس سے عوام میں تشویش
حیدرآباد۔2اپریل (سیاست نیوز) یاقوت پورہ کے علاقہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے ڈی آر ایف ٹیموں نے ماحول کو جراثیم سے پاک بنانے کیلئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا۔ یاقوت پورہ بڑا بازار‘ یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن ‘ ملی بن‘ دبیر پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں محکمہ پولیس کی نگرانی میں جی ایچ ایم سی کے عملہ نے بڑی تعداد میں یکساں طور پر علاقہ کو جراثیم سے پاک بنانے کے لئے ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا ۔شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ان علاقوں میں ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی جانب سے دونوں شہروں میں جاری کاروائی اور عام مقامات پر جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اب پرانے شہر کے گنجان آبادی والے علاقو ںمیں بھی ان ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی جانب سے گھومنے اور پھرنے کے سبب ان علاقو ںمیں پھیلنے والے امکانی جراثیم کو دور کیا جاسکے۔یاقوت پورہ کے علاقہ میں ڈی آر ایف کی گاڑیوں اور بھاری تعداد میں پولیس کی گاڑیوں کی جانب سے چلائی جانے والی اس مہم سے شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی کیونکہ اچانک اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ صفائی کے عمل کے آغاز نے شہریوں میں خوف پیدا کردیا ۔اسی طرح ان گاڑیوں کے ساتھ پولیس کی گاڑیوں کی موجودگی کے سبب بھی عوام کی تشویش میں اضافہ ہوا کیونکہ پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کے علاوہ دکانات کو کھلے رکھنے کی اجازت حاصل ہے جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کیلئے انہیں بھی بند کروایا گیا۔یاقوت پورہ کے ان علاقو ںمیں ان ادویات کے ذریعہ صفائی کے بعد اب چارمینار اور بہادر پورہ میں بھی اسی طرح بڑے پیمانے پر صفائی ‘ کچہرے کی نکاسی اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات ناگزیر ہیں اور ان ادویات کے چھڑکاؤ کے لئے نہ صرف بازاروں بلکہ رہائشی آبادیوں کا بھی انتخاب کیا جانا چاہئے کیونکہ رہائشی آبادیوں میں بھی صفائی اور جراثیم کش ادویات کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جا رہاہے ۔