یاقوت پورہ میں معصوم طالبہ مین ہول میں گرجانے پر کے ٹی آر کی برہمی

   

تینوں محکمہ جات کی ایک دوسرے کو ذمہ دار بنانے پر حیرت کا اظہار
حیدرآباد /12 ستمبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے یاقوت پورہ کے مولا کا چھلہ میں معصوم طالبہ کھلے مین ہول میں گرجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کی لاپرواہی اور غفلت پر سخت تنقید کی ۔ آج سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر واقعہ کی ویڈیو شیر کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے معصوم لڑکی بڑے حادثہ سے محفوظ رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے تینوں شعبے اس حادثہ کیلئے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی نے اس کیلئے حیڈرا کو ذمہ دار قرار دیا ہے تو حیڈرا نے خیریت آباد واٹر ورکس کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ پھر واٹر ورکس نے بھی اپنی ذمہ داری نہ ہونے کا دعوی کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں کوئی بھی محکمہ ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ عوام کو جوابدہ ہونے کے بجائے ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ سرکاری محکمہ جات میں جب تال میل کا فقدان ہوتا ہے تو ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اس واقعہ کا سخت نوٹ لیں۔ مستقبل میں ایسا واقعہ دوبارہ دہرایا نہ جائے پہلے سے احتیاطی اقدامات کریں۔ عوام بالخصوص معصوم بچوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ 2