یاقوت پورہ میں پولیس کو دستیاب گلبرگہ کے متوطن دواخانہ میں فوت

   

حیدرآباد /18 جون ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ سے دستیاب شخص فوت ہوگیا ۔ جس کی شناخت 71 سالہ اسماعیل خان کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ جو گلبرگہ علاقہ کے ساکن تھے ۔ رین بازار پولیس کے مطابق اسماعیل خان اپنے بیٹے سے ملاقات کیلئے گلبرگہ سے حیدرآباد آئے ہوئے تھے ۔ تاہم ان کی ملاقات ان کے بیٹے سے بھی نہیں ہوپائی ۔ پولیس کے مطابق 16 جون کے دن اسماعیل خان گلبرگہ سے نکلے تھے اور حیدرآباد پہونچے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ بیٹے سے رابطہ کا کوئی ذریعہ نہ ہونے اور راستہ بھٹک جانے کے سبب شائد ان کی بیٹے سے ملاقات نہیں ہوپائی اور بیٹا گلبرگہ میں ان کی دریافت میں مصروف تھا ۔ پولیس رین بازار کو واحد کالونی علاقہ سے 16 جون کو اسماعیل خان بے ہوشی کے عالم میں دستیاب ہوئے اور انہیں ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔