یامی گوتم ہارر کامیڈی فلم نئی نویلی کیلئے پرعزم

   

ممبئی، 20 مارچ (ایجنسیز) بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ یامی گوتم ایک بار پھر خبروں میں ہیں اور اپنی منفرد اداکاری کے سبب شائقین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ یامی کو فلمی دنیا میں ایک ایسی اداکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے جو کم اسکرین ٹائم میں بھی اپنے کردارکو یادگار بنا دیتی ہیں۔ وہ ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہیں ان کی صلاحیتوں کے مطابق مکمل مواقع کم ملے، مگر جب بھی انہیں موقع ملا، انہوں نے اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کیا۔ یامی گوتم کو آخری مرتبہ کورٹ روم ڈرامہ حق میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے شاہ بانو جیسے حساس اور پیچیدہ کردارکو نہایت خوبصورتی سے نبھایا۔ خاص طور پر یامی کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا اور اسے فلم کی سب سے مضبوط کڑی قرار دیا گیا۔اس کے بعد یامی گوتم اپنے شوہر اور فلم ساز آدتیہ دھرکی ہدایت کاری کی فلم دھورندھر2 میں ایک مختصر مگر اہم کردار میں نظر آئیں۔ اگرچہ ان کا اسکرین ٹائم محدود تھا، لیکن ان کی موجودگی نے کہانی کو تقویت دی اور ان کے کردار کو ناظرین نے نوٹس کیا۔ اب یامی گوتم ایک بار پھر ایک نئے اور دلچسپ پراجیکٹ کے ساتھ واپسی کر رہی ہیں۔ وہ جلد ہی ہاررکامیڈی فلم نئی نویلی میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ یہ فلم ہارر اورکامیڈی کا منفرد امتزاج ہوگی، جس میں ہندوستانی لوک کہانیوں اور دیومالائی عناصر کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا جائے گا۔ فلم کو معروف پروڈیوسر آنند ایل رائے پروڈیوس کر رہے ہیں، جبکہ اس کی ہدایت کاری بالاجی موہن کے سپرد ہے۔ فلم کی کہانی دیویا ندھی شرما نے تحریرکی ہے، جو اس سے قبل کامیاب پروجیکٹس جیسے ’ستارے زمین پر‘، ’گپتا لیڈیز‘ اور ’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ سے وابستہ رہ چکی ہیں۔ یامی گوتم نے خود بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اس فلم کے بارے میں تفصیلات شائع کی ہیں، جس کے بعد مداحوں میں اس پراجیکٹ کے لیے جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی مکمل ہو چکی ہے اور اس وقت پری پروڈکشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔اگرچہ نئی نویلی کی ریلیز تاریخ کا ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق یہ فلم پہلے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔