پیرس، یکم؍ نومبر (یو این آئی) دنیا کے دوسرے نمبر کے ٹینس اسٹار یانک سِنر نے 2025 کے پیرس ماسٹرز میں اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے امریکی کھلاڑی بین شیَلٹن کو 6-3، 6-3 سے شکست دے کر اپنے کریئر میں پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ انڈور ہارڈ کورٹ پر زبردست کھیل کا مظاہرہ کرنے والے اس اطالوی کھلاڑی نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ 24 میچوں تک پہنچا دیا ہے۔ ساتھ ہی وہ کارلوس الکاراز کے ٹورنمنٹ سے حیران کن طور پر جلد باہر ہونے کے بعد دنیا کے نمبر ایک درجہ پر پہنچنے کے اور قریب آ گئے ہیں۔ پیرس میں سِنر کا اب تک کا سفر ناقابل شکست رہا ہے ۔ انہوں نے ایک بھی سٹ نہیں گنوایا۔ ابتدائی مراحل میں وہ بلجیم کے زیزو برگس اور ارجنٹینا کے فرانسسکو سیروٗنڈولو کو سیدھے سٹوں میں ہرا چکے ہیں۔ تازہ جیت کے ساتھ سِنر کے اے ٹی پی لائیو رینکنگ پوائنٹس اب 10,900 ہو گئے ہیں، جب کہ الکاراز کے پوائنٹس 11,250 رہ گئے ہیں۔