یدی یورپا کے ویڈیو کلپ سے بی جے پی بے نقاب

   

عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ ، کمارا سوامی کا بیان
بنگلورو ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ بی جے پی ایک سیاسی پارٹی کی حیثیت سے اس ویڈیو کلپ میں بے نقاب ہوگئی ہے جس میں چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ کانگریس ۔ جے ڈی ( ایس ) کے باغی ارکان اسمبلی جنہیں بعد میں نا اہل قرار دیا گیا تھا ، وہ مخلوط حکومت کے آخری دنوں میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کی نگرانی میں ممبئی کی فائیو اسٹار ہوٹل میں رکھے گئے تھے۔ سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ گشت کرنے والی ویڈیو کلپ میں یدی یورپا کو اپنی پارٹی کے ان قائدین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سنا گیا ہے جو بی جے پی حکومت کو بچانے کے لیے مناسب تائید نہیں کررہے ہیں نیز کانگریس اور جے ڈی ایس کے ان ارکان اسمبلی کی قربانیوں کا اعتراف بھی نہیں کررہے ہیں، جن کی بدولت کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ کمارا سوامی نے یدی یورپا کے ان تبصروں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افشاء کردہ ویڈیو کے مواد کی بنیاد پر وہ مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیے ہیں ۔ کمارا سوامی نے بنگلورو پریس کلب کے زیر اہتمام میٹ دی پریس پروگرام میں کہا کہ ہم پہلے ہی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔