یرغمالیوں کو انسانی ڈھال نہ بنانے ٹرمپ کی حماس کو وارننگ

   

واشنگٹن، 16 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو دھمکی دی کہ وہ یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ کرے ۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ کچھ خبریں ایسی سامنے آرہی ہیں کہ حماس نے یرغمالیوں کو زمین پر لا کھڑا کردیا تاکہ انہیں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے سامنے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاسکے ۔ ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حماس رہنماؤں کو بخوبی علم ہے کہ اس اقدام کے کتنے سنگین نتائج ہوں گے ۔ ٹرمپ نے حماس کے ممکنہ اقدام کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا ظلم دنیا نے کم ہی دیکھا ہے ۔ امریکی صدر نے حماس کو پیغام دیا کہ یہ ہر گز نہیں ہونا چاہئے اور یرغمالیوں کو رہا کیا جائے ورنہ تمام شرطیں ختم سمجھی جائیں گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر قطر کو اپنا اتحادی قرار دے دیا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔

امریکی کانگریس میں پاکستانی حکام پر پابندیوں کا بل متعارف
واشنگٹن، 16 ستمبر (یو این آئی) امریکہ کی ایک بڑی دو جماعتی پیشرفت کے تحت قانون سازوں نے کانگریس میں پاکستان فریڈم اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ (ایچ.آر5271) متعارف کرایا ہے ، جس کا مقصد ان پاکستانی حکام پر پابندیاں عائد کرنا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جمہوریت کو کمزور کرنے والے اقدامات کے ذمہ دار ہیں۔ یہ بل ہاؤس سب کمیٹی برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کے چیئرمین اور مشی گن سے ریپبلکن پارٹی کے رکن بل ہوی زینگا اور کیلیفورنیا سے ڈیموکریٹ رہنما سڈنی کاملاگر-ڈَو نے مشترکہ طور پر پیش کیا، دیگر معاون اراکین میں ریپبلکن جان مولینار، ڈیموکریٹ جولی جانسن اور ریپبلکن جیفرسن شریو شامل ہیں۔ شریک اسپانسرز میں ریپبلکن رِچ میکورمک، ریپبلکن جیک برگمین، ڈیموکریٹ واکین کاسترو اور ریپبلکن مائیک لاولر شامل ہیں۔ یہ بل امریکی صدر کو اختیار دیتا ہے کہ وہ گلوبل میگنیٹسکی ہیومن رائٹس اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ کے تحت پابندیاں عائد کریں، یہ قانون واشنگٹن کو ایسے افراد کو نشانہ بنانے کا حق دیتا ہے جو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں یا بدعنوانی کے مرتکب ہوں، اس صورت میں یہ پاکستان کی حکومت، فوج یا سیکیورٹی فورسز کے موجودہ یا سابقہ اعلیٰ حکام پر لاگو ہوگا۔ قانون سازی میں امریکہ کی جانب سے پاکستان میں آزاد اور منصفانہ انتخابات کیلئے حمایت کو دوبارہ اجاگر کیا گیا، اور جمہوری اداروں اور انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے ۔ بل خارجہ امور اور عدلیہ کمیٹیوں کو بھیج دیا گیا یہ بل ہاؤس ریزولوشن (H.Res. 901) پر مبنی ہے ۔