یروشلم، 3 اگست (یو این آئی) اسرائیل کے تل ابیب میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کے دورے کے دوران ہفتے کے روز یرغمال کیے گئے لوگوں کے کنبوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین ’’ہوسٹیج اسکوائر‘‘ پر جمع ہوئے اور اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرے ،تاکہ غزہ میں حماس اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے ذریعہ یرغمال کیے گئے افراد کی واپسی ممکن ہوسکے گی۔یہ مظاہرے اس ہفتہ کے شروع میں حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد کی جانب سے نئی ویڈیوز جاری کیے جانے کے بعد سامنے آئے ہیں، جن میں اسرائیلی یرغمال ایویاتر ڈیوڈ اور روم براسلاسکی کو تشویشناک حالت میں دکھایا گیا ہے ۔مظاہرین گروپ میں سے ایک یرغمالی اور لاپتہ خاندانوں کے فورم نے اسرائیلی اور امریکی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ‘‘اس ڈراؤنے خواب کو روکیں اور انہیں قید سے نکال کر وطن واپس لائیں۔