گلبرگہ: 26؍ فروری :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب ولی احمد پرنسپل شہباز انگلش میڈیم اسکول گلبرگہ نے پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ جماعتِ دہم کے طلبہ ماہِ اپریل میں منعقد شدنی امتحان کے لئے اچھی تیاری کریں اور اچھے نتائج سے اپنا ، والدین اور اسکول کا نام روشن کریں۔ اسی مقصد کے پیشِ نظر جناب عدنان وزیر صدر گلبرگہ ایجوکیشنل ٹرسٹ گلبرگہ نے اپنی نگرانی میں شہباز پی یو سائنس گرلز کالج کے اسٹاف کے تعاون سے جماعت دہم ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کے سوالات پر مشتمل سوالیہ پرچے کی ترتیب عمل میں لائی ہے یہ تیاری SSLC کے امتحان میں طلبہ کے کام آئے گی۔ گلبرگہ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام بہ تاریخ 5 ؍ مارچ 2023جماعت دہم کی طالبات کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ امتحان 2023 SSLC Talent Hunt Exam 2023 بہ مقام شہباز پی یو سائنس گرلز کالج منعقد کیا گیا ہے۔ امتحان 11:30 بجے صبح تا1:30 بجے دوپہر منعقد ہوگا۔ سوالیہ پر چہ ریاضی، فزکس، کمسٹری اور بیالوجی کے سوالات پر مشتمل ہوگا۔ امتحان کے اختتام کے ساتھ ہی ایک گھنٹے میں نتائج کا اعلان کیا جائیگا انعام اوّل Crome Book Laptop، انعام دوّم 10″ Tab اور انعام سوم8″ Tab دیا جائیگا۔ اس امتحان کے لئے کوئی فیس نہیں ہے۔ اس امتحان میں اُردو، کنڑا، اور انگلش میڈیم اسکولس کی طالبات شرکت کرسکتی ہیں۔ اس امتحان میں شرکت کے خواہش مند طالبات اپنا نامSMS یاWhatsapp کے ذریعہ 8904220715 پر رجسٹر کرواسکتی ہیں۔
مدرسہ انوارالعلوم عباسیہ یلاریڈی کا سالانہ جلسہ
یلاریڈی /26 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر کی قدیم دینی درسگاہ مدرسہ انوارالعلوم عباسیہ ملحقہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کا سالانہ جلسہ و استقبال رمضان المبارک 4 مارچ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مولانا سید شاہ نعمت اللہ کی صدارت میں مدرسہ کے احاطہ پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جس کی نگرانی صدر مدرسہ کمیٹی جناب شیخ غیاث الدین کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد ناہید رضا کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ حمد باری تعالی قاری محمد اسد اقبال رضوی پڑھیں گے اور نعت پاک ﷺ قاری محمد سراج علی رضوی سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ خطبہ استقبالیہ و تعلیمی رپورٹ حافظ و قاری جناب محمد ریاست علی رضوی پیش کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی قادری کا خطاب ہوگا ۔ جناب سید خلیل اللہ قادری نظامیہ متوطن یلاریڈی استقبال رمضان المبارک پر خطاب کریں گے ۔ نظامت کے فرائض جناب خواجہ قطب الدین صابر گلشن نائب قاضی یلاریڈی انجام دیں گے ۔