یس بینک : راناکپور کی بیٹی کو ممبئی ایرپورٹ پر روک دیا گیا

,

   

اہلیہ اور تینوں بیٹیوں کیخلاف لک آوٹ نوٹس جاری ، ہندوستان چھوڑنے کی اجازت نہیں

ممبئی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یس بینک معاملہ میں بانی راناکپور کی دختر روشنی کپور کو آج لندن روانہ ہونے سے قبل ممبئی ایرپورٹ پر روک دیا گیا ۔ روشنی کپور آج شام لندن جانے کیلئے برٹش ایرویز کی فلائیٹ پر سوار ہورہی تھی ۔ کپور اور ان کی اہلیہ اور تین دختران کیخلاف لک آؤٹ سرکیولر جاری کیا گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے یہ تمام ملک نہیں چھوڑسکتے ۔ یس بینک بحران کے پیش نظر کپور فیملی کیخلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام نے کارروائی کی ہے ۔ منی لانڈرنگ الزامات میں راناکپور کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور ان سے پوچھ گچھ ہورہی ہے ۔ ایجنسیوں نے 62 سالہ کپور کے علاوہ ان کی دختر روشنی کپور کو لندن جانے سے روک دیا ۔ ہفتہ کے دن انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کپور کی دختران کی رہائش گاہیں دہلی اور ممبئی میں دھاوے کرکے تلاشی لی تھی ۔ کپور فیملی کے ذریعہ 600 کروڑ روپئے کے لین دین کے مسئلہ پر جانچ کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کپور خاندان کی یہ کمپنی کو دیوان ہاؤزنگ فینانس لمیٹیڈ نے 600 کروڑ روپئے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے دیئے تھے ۔ بینک نے اس کمپنی سے قرض واپس لینے کی کوشش نہیں کی ۔ یہ 600 کروڑ روپئے مبینہ رشوت خوری کے حصے میں دیئے گئے ہیں ۔ راناکپور نے خصوصی ہالی ڈے کورٹ کو بتایا کہ ڈی او آئی ٹی کمپنی میں ان کی دو دختران رادھا کپور اور روشنی کپور کے نام شامل ہیں ۔ یہ کمپنی بینک سے حاصل کردہ قرض ہنوز ادا کرنا باقی ہے ۔

یس بینک کے بانی رانا کپور
11 مارچ تک ای ڈی تحویل میں
ممبئی 8 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بحران کا شکار یس بینک کے بانی رانا کپور کو ممبئی کی ایک عدالت نے آج 11 مارچ تک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحویل میں بھیج دیا ۔ ایجنسی نے چند گھنٹے قبل ہی انہیں حراست میں ل لیا تھا ۔ ایجنسی نے رانا کپور کو صبح سویرے 3 بجے حراست میں لیا تھا ۔ ان کی گرفتاری انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت عمل میں لائی گئی تھی ۔ یہ مقدمہ ڈی ایچ ایف ایل سے متعلق ہے ۔ اس سے قبل رانا کپور سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی گئی تھی ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے ہفتہ کی صبح یس بینک بانی کو جنوبی ممبئی میں اپنے آفس پوچھ تاچھ کیلئے لایا گیا تھا ۔ ای ڈی نے جمعہ کی رات کو رانا کپور کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا اور تلاشی لی تھی ۔