یس بینک کے گاہکوں کے مفادات کا تحفظ

,

   

50,000 سے زائد رقم نکالنے پر امتناع، پرشانت کمار نئے ایڈمنسٹریٹر
نئی دہلی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقتصادی مشیر اعلیٰ کرشنا مورتی سبرامنیم نے ’یس بینک‘ کے تمام کھاتہ داروں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی رقومات محفوظ ہیں اور کہاکہ اس بینک کی ازسرنو ڈھانچہ بندی کے تمام راستے کھلے ہیں۔ اُنھوں نے یہ ریمارک ایک ایسے وقت کیا جب نقدی کی شدید قلت سے دوچار ’یس بینک‘ نے گاہکوں کے لئے اپنے کھاتوں سے زیادہ سے زیادہ 50,000 روپئے نکالنے کی حد مقرر کردی ہے۔ یہ پابندی 30 دن تک جاری رہے گی۔ وزیر فینانس نرملا سیتارامن اور ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانتا داس نے رقومات سے دستبرداری کی حد پر لگائی جانے والی عارضی پابندی کو صحیح اقدام قرار دیئے ہیں۔ اس دوران اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے سابق سی ایف او اور ڈپٹی منیجنگ ڈائرکٹر پرشانت کمار نے جمعہ کے روز یس بینک کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے جائزہ لے لیا۔ دوسری طرف اس بینک کو بحران سے نکالنے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ اثاثوں کا تحفظ و دیگر انتظامات کرنے والی کمپنیوں نے اس بینک میں کھاتے رکھنے والے اپنے گاہکوں سے کہا ہے کہ وہ متبادل کھاتوں کی تفصیلات پیش کریں۔

کورونا اور یس بینک کا اثر، روپئے کی قدر میں گراوٹ
ممبئی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پرائیویٹ سیکٹر کے بینک ‘یس بینک’ کے ڈوبنے اور کورونا وائرس کے ملک میں تیزی سے پھیلنے کی خبروں کی وجہ سے پیدا شدہ دباؤ سے بین بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ لڑھک کر 74 روپے فی ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ جمعرات کو روپیہ 73.33 روپے فی ڈالر تھا۔ اسٹاک مارکیٹ میں ہونے والی شدید گراوٹ کے سبب روپیہ 61 پیسے پھسل کر 73.94 روپے فی ڈالر پر کھلا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ 74 روپے فی ڈالر کو تجاوز کر گیا ۔ سیشن کے دوران یہ 74.08 روپے فی ڈالر کی نچلی سطح تک ٹوٹا لیکن بعد میں صورتحال کچھ مستحکم ہوئی اور یہ 73.52 روپے فی ڈالر کی بلند ترین سطح تک مضبوط ہوا۔ فی الحال یہ 73.55 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے ۔