یلاریڈی /18 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل لنگم پیٹ مستقر کے کوتوال محلہ میں علی الصبح مقفل شدہ مکانات میں سرقہ واردات پیش آئی ۔ سب انسپکٹر سدھاکر کی تفصیلات کے مطابق ریاض کے مکان میں الماری میں رکھی گئی چاندی کے سامان اور نقد رقم ، کتان کی ساڑیاں سرقہ کرلی گئیں ۔ اس طرح جاوید کے مکان میں بھی الماری توڑکر طلائی چین ، آئرن رنگ، 14 ہزار روپئے نقد رقم سرقہ کرلی گئی ۔ تین نامعلوم افراد بائیک گاڑی پر آکر سرقہ کرنے کا مقامی لوگوں نے انکشاف کیا ۔ بعد ازاں منڈل کے پرملا علاقہ میں بھی نامعلوم سارقوں نے ہلچل مچادی ۔ موضع کی بالامنی کے مکان کا قفل توڑ کر سرقہ کیا گیا ۔ اور آدھہ تولہ سونا ، چاندی کا زیور ، انگوٹھیاں و دیگر سامان کا سرقہ ہونے کا انکشاف ہوا ۔ سرقہ کی وارداتوں کی اطلاع پولیس کو دینے پر پولیس نے مقام واردات پہونچکر تفصیلات حاصل کی اور معائنہ کیا۔ نامعلوم سارقوں نے تمام مقفل شدہ مکانات کو ہی نشانہ بنایا ہے۔ اسی طرح یلاریڈی مستقر کے علاقہ دیون پلی میں بھی نامعلوم سارقوں نے ہلچل مچانے پر مقامی عوام میں تشویش کی لہر ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بالراج نامی شخص کے مکان میں سرقہ پیش آیا ۔ سب انسپکٹر مہیش نے مزید بتایا کہ بالراج گذر بسر کی غرض سے حیدرآباد گیا ہوا تھا اور اس کے مکان کو قفل ڈالا دیکھ کر سارقوں نے گھس کر سرقہ کریا ۔ سارقوں نے بالرام کے مکان میں الماری توڑ کر 80 تولہ چاندی سرقہ کرنے کا انکشاف ہوا ۔ جس کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامعلوم سارقوں کو تلاش کر رہی ہے ۔ لنگم پیٹ اور یلاریڈی میں نامعلوم سارقوں کا مقفل شدہ مکانات کو نشانہ بنایا جانا پولیس کیلئے ایک طرح چیلنج سے کم نہیں ۔