یلاریڈی اور اس کے منڈلوں میں بھاری بارش

   

یلاریڈی ۔ بارش کے نہ ہونے سے گذشتہ 15 دنوں سے زراعت کو لیکر کسانوں میں تشویش بڑھتی جارہی تھی کہ خالق کائنات نے رات اور دن بھر کی مولاسدھار بارش سے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ۔ ریونیو عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق یلاریڈی منڈل میں 43.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جو شعبہ زراعت کیلئے ثمر آور رہی ۔ منڈل لنگم پیٹ بھی موسلادھار بارش سے تمام چھوٹے آبی ذخائر لبریز ہوگئے ۔ محکمہ زراعت آفیسر مسٹر سائی رمیش کے مطابق 53.8 ملی میٹر بارتش ریکارڈ کی گئی ۔ موسم برسات میں اب تک 437.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ اور یلاریڈی منڈل میں اب تک کے سیزن میں 594.4 ملی میٹر بارش ہونے کا ریکارڈ درج کیا گیا ہے ۔ منڈل تاڑوائی پر بھی سات سنٹی میٹر بارش نے زراعت کو نئی زندگی دی ہے ۔ مکئی اور کپاس کی فصلیں بارش کے نہ ہونے سے کسانوں کو نقصان ہونے کا خدشہ تھا لیکن کسانوں نے راحت کی سانس لی ۔ سنتائی پیٹ کی ندی لبریز ہوکر بہہ رہی ہے ۔ منڈل گندھاری میں 90.8 ملی میٹر کی بھاری بارش نے چھوٹے کنٹہ آبی ذخائر لبریز کردئے ۔ سب سے زیادہ سرواپور علاقہ میں 134.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس طرح موسلادھار بارش نے کسانوں کو راحت تو پہونچائی ہے لیکن ابھی تک اطمینان بخش بارش نہ ہونے سے تمام تالاب آج بھی آب سے خالی پڑے ہیں جن کا اس ماہ لبریز ہونا کافی کارآمد ثابت ہوگا ۔ عوام اور کسان آس لگائے بیٹھے ہیں ۔