یلاریڈی۔ دلت بندھو اسکیم کو صرف حضورآباد میں عمل میں لانے کے بجائے ریاست گیر سطح پر اس بہترین اسکیم کو عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے یلاریڈی میں دلت سنگم قائدین نے بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دلت قائدین نے کہا کہ حضور آباد کے ضمنی انتخابات پر انہیں دلتوں کی یاد آئی اور ان کا استحصال کرنے کیلئے دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ انتخاب جیتنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اگر واقعی دلتوں سے ان کی پسماندگی سے حکومت فکرمند ہے تو فوری دلت بندھو اسکیم پر ریاست بھر میں عمل کرے اور تمام غریب دلتوں کا سہارا بنے۔ دلت قائدین کی اس بھوک ہڑتال اور حکومت سے مطالبہ کی تائید کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے بھی حکومت سے مطالبہ کیاکہ دلتوں کو ریاست گیر سطح پر راحت پہنچائی جائے ۔ اس موقع پر دلت قائد سائی بابا، بالراج، پدما راؤ کانگریس قائدین میں یلاریڈی منڈل صدر، جناردھن ریڈی، ٹاؤن صدر محمد حفیظ، میناریٹی صدر محمد یونس، بھکنور سرپنچ سرینواس ریڈی، نائب صدر منڈل پریشد نرسملو اور بالراج گوڑ، اجمیرا ، گویند نائیک، چرنجیلو، بال کشن، نائی پٹیل، محمد مقصود، اشوک اور دوسرے موجود تھے۔