یلاریڈی رکن اسمبلی کے خلاف احتجاج ، کانگریس قائدین کی گرفتاری و رہائی

   

اسمبلی میں نمائندگی چھوڑ کر ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کی مہم چلانے پر کانگریس قائدین کی برہمی
یلاریڈی :۔ رکن اسمبلی مسٹر سریندر کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یلاریڈی کانگریس قائدین نے احتجاج کیا ۔ کانگریس قائدین نے سیاہ رومال ڈال کر مقامی ایم آر پی ، فنکشن ہال احتجاج کی غرض سے پہنچے جہاں رکن اسمبلی شادی مبارک و کلیان لکشمی کے سینکڑوں مستحقین میں چیکس تقسیم کررہے تھے ۔ فنکشن ہال کے باہر رکن اسمبلی کے خلاف نعرے بلند کئے ۔ پولیس سرکل انسپکٹر راج شیکھر ، سب انسپکٹر شویتا ، مدھو سودئی نے اپنے عملہ کے ساتھ انہیں روکا ، پولیس اور قائدین کے درمیان کچھ دیر تک کشیدگی رہی ۔ کانگریس قائدین نے برہم ہو کر کہا کہ رکن اسمبلی حلقہ کی ترقی سے متعلق اسمبلی میں نمائندگی کرنے کے بجائے ناگرجنا ساگر حلقہ میں ضمنی چناو کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ ادھر اسمبلی چل رہی ہے جہاں حلقہ کے مسائل حل کروانے کے لیے نمائندگی کرنے کے بجائے وزیر اعلی کی غلامی کررہے ہیں ۔ کانگریس منڈل صدر جناردھن ریڈی نے الزام لگایا کہ گذشتہ دو سال سے حلقہ میں کوئی کام انجام کو نہیں پہنچا ۔ تمام کام جوں کے توں ہیں ۔ انہوں نے حلقہ میں ترقی بتانے کا ڈیمانڈ کیا ۔ دسرے تمام ارکان اسمبلی کو چاہئے کہ وہ اپنے حلقہ کے لیے مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے نمائندگی کررہے اور یلاریڈی رکن اسمبلی کو ناگر جناساگر کے ضمنی چناؤ کے لیے مختص کردیا گیا ہے جو یلاریڈی حلقہ کی عوام کی توہین ہے ۔ کانگریس قائدین کو پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے گاڑی میں بٹھا کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ اس موقع پر سرینواس ریڈی ، محمد شریف ، پرتو راملو ، محمد حفیظ ، گویند ، جیہ نجیلو ، تروپتی ریڈی ، نرسملو ، محمد یونس ، محمد مقصود ، سریش نائیک اور دوسرے موجود تھے ۔۔