میاریج سرٹیفکیٹ کیلئے 1200 روپئے طلب کرنے کا الزام
یلاریڈی۔ مستقر کی سب رجسٹرار آفس میں کھلے عام رشوت کا بازار گرم ہونے کی عوامی شکایات ہیں۔ یلاریڈی سب رجسٹرار آفس میں میاریج سرٹیفکیٹ کیلئے آفس عملہ کی جانب سے ایک ہزار روپئے تا 1200 روپئے طلب کرنے کا الزام ہے۔ عوام غریبوں سے اس قدر رشوت وصولی پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے کلیان لکشمی اسکیم غریب گھرانوں کی لڑکیوں کی شادی کو آسان بنانے کی غرض سے تشکیل دی ہے لیکن سب رجسٹرار آفس سے شادی کا صداقت نامہ حاصل کیا جانا غریبوں کیلئے ایک مشکل کام بن گیا ہے جبکہ میاریج سرٹیفکیٹ کیلئے حکومت نے 210روپئے فیس مقرر کی ہے تو رجسٹرار آفس عملہ غریبوں سے زائد رقم وصول کرتے ہوئے انہیں ہراساں کرنے کی عوامی شکایات ہیں۔ عوام کا الزام ہے کہ کچھ نہ کچھ رشوت کی رقم ادا کرے بغیر میاریج سرٹیفکیٹ حاصل ہونا محال ہوگیا ہے۔ اس تعلق سے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو توجہ دینے کا عوام مطالبہ کررہے ہیں۔ مختلف سرکاری دفاتر میں رشوت کی طلبی سے سرکاری اسکیمات راحت کے بجائے مصیبت بن رہی ہیں جس کا ذمہ داروں کو سختی سے نوٹ لینا بے حد ضروری ہے۔ ریاستی اسکیمات غریب عوام تک آسانی سے پہنچانے کیلئے ضروری سخت اقدامات کرنا چاہیئے ورنہ رشوت کے سائے میں سرکاری اسکیمات دم توڑ کر رہ جائیں گی۔