چیرمین کی صدارت میں مختلف وارڈوں کے ترقیاتی کاموں کاجائزہ
یلاریڈی۔ یلاریڈی میونسپل کا جنرل باڈی اجلاس میونسپل چیرمین ستیہ نارائنا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مختلف وارڈوں میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ میونسپل کمشنر محمد قمر احمد نے ایجنڈہ پڑھتے ہوئے اجلاس کو واقف کروایا کہ ایک نمبر وارڈ میں آبرسانی کی قلت دور کرنے کیلئے بورویل موٹر نصب کرنے کیلئے 25 ہزار روپئے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح وارڈ نمبر 11 میں بھی پانی کی قلت دور کرنے کیلئے بورویل موٹر جو فی الوقت جل گئی ہے جدید موٹر نصب کرنے کیلئے 25 ہزار روپئے کا تخمینہ بتایا گیا۔ وارڈ نمبر چار میں بھی پانی کی قلت کو دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وارڈ میں چرچ کے پاس جدید پائپ لائن ، پیانل باکس نصب کرنے کیلئے 35 ہزار روپئے کی ضرورت ہے۔ یلاریڈی کے 12 میونسپل وارڈوں میں کچرے کی نکاسی کیلئے استعمال کئے جارہے چارجنگ آٹو کا قرض چودھویں معاشی فینانس سے جمع ہوا ۔ فنڈ سے ایک لاکھ 95 ہزار روپئے ادا کرنے کا اتفاق کیا گیا۔ مستقر پر بندروں کی کثرت ہونے سے عوام کو پیش آرہی دشواریوں کو دور کرنے کیلئے ان بندروں کو پکڑنے پانچ لاکھ 25 ہزار روپئے کا خرچ ہونے کا اجلاس کو واقف کروایا۔ فی بندر کو پکڑ کر جنگل میں چھوڑنے کیلئے 450 روپئے خرچ ہوتا ہے۔ میونسپل کمشنر نے مزید بتایا کہ سروے نمبر 1406/1 میں پانچ ایکر اراضی عدالت کیلئے عمارت تعمیر کرنے مختص کی گئی ہے جس کو میونسپل سے اجازت دی جارہی ہے۔ یلاریڈی میونسپل حدود کے لنگاریڈی پیٹ شیوار میں سروے نمبر 696 اور 697 پانچ گنٹہ سرکاری اراضی میں جدید ہیلت سب سنٹر کا قیام کرنے اراضی مختص کی گئی ہے۔ میونسپلٹی کے تمام وارڈوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے پانچ لاکھ روپئے ہر وارڈ کو منظور کئے جارہے ہیں جن میں ایک نمبر وارڈ کو دس لاکھ ایس سی فینانس سے منظور کئے گئے اور چھ نمبر وارڈ کو بھی دس لاکھ روپئے مختص کئے گئے۔ باقی تمام وارڈوں کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جائیں گے جو چودھویں فینانس کارپوریشن سے منظور کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر میونسپل ڈپٹی چیرمین شریمتی سجاتا ، میونسپل منیجر شریمتی واسنتی، وارڈ کونسلروں میں نیلا کنٹھم ، رامو، سریکانت، وجئے لکشمی، مادھوی، زینت سلطانہ، رکن معاون تسلیم جہاں اور دوسرے موجود تھے۔