موسم برسات کی آمد پر میونسپل عملہ متحرک
یلاریڈی۔/7 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر کے تمام میونسپلٹی وارڈوں میں صفائی کیلئے خصوصی مہم کے دوران میونسپل عملہ غیر معمولی متحرک ہوتے ہوئے روزانہ صاف صفائی کے کاموں میں مصروف ہے۔ مستقر کی شاہراہ پر موجود ڈرین لائن جس میں گندہ پانی جمع ہوکر کچرے کے ساتھ ٹھہرا ہوا تھا اسے جے سی بی مشین کے ذریعہ صاف کرتے ہوئے گندگی دور کی جارہی ہے۔ میونسپلٹی میں صفائی کی خصوصی مہم کو کامیاب کرنے کیلئے میونسپل چیرمین مسٹر ستیہ نارائنا مشنری کا استعمال کرتے ہوئے موسم برسات کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے گندہ نالیوں کو مکمل طریقہ سے صاف کروارہے ہیں اور وبائی امراض کو پیدا ہونے سے روکا جارہا ہے۔ اس لئے صفائی سے متعلق میونسپل عملہ بھی متحرک ہوکر صفائی کا خاص مہم چلارہا ہے۔ میونسپل کمشنر مسٹر محمد قمر احمد نے تمام وارڈز میں انجام دیئے جارہے صفائی کے کاموں کا معانئہ کرتے ہوئے صفائی ورکرس کو مختلف مشورے دیئے اور تمام تر علاقوں پر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپلٹی کونسلر نیلا کنٹم، سائیلو، عملہ میں ملیش، ارون اور دوسرے موجود تھے۔ ڈیویژن کے تمام منڈلوں میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔