عوام نے لی راحت کی سانس، مگر احتیاط ضروری
یلاریڈی۔/19 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کرتے ہوئے دن بھر تمام تجارتی اداروں کو حسب معمول چلائے جانے کی اجازت کے بعد یلاریڈی مستقر پر تمام دوکانات کھل گئی ہیں۔ مختلف دوکانات پر عوام کو خریداری میں مصروف دیکھا گیا اور تقریباً دو ماہ کے بعد سڑکوں پر آر ٹی سی بسوں کو چلایا گیا۔ جس سے عوام کو حمل و نقل کیلئے بڑی حد تک راحت ملی ہے۔ تمام سرکاری دفاتر میں بھی کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لیکن یہ راحت صرف احتیاط کے ساتھ محسوس کریں تو ٹھیک رہے گا ورنہ پہلے سے زیادہ حالات سنگین ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔ کورونا وباء ہے اور اس وباء سے ہر فرد کو فاصلہ اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر سے باہر بازاروں میں محفوظ رکھتے ہوئے زندگی کی سرگرمیاں انجام دینی ہے۔ ہماری لاپرواہی عظیم نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ پولیس و میونسپل حکام بھی عوام پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ چہرے پر ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے ورنہ ہزار روپئے تک بھی جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے۔ بازار کھل جانے کے بعد بھی عوام کو احتیاطی تدابیر ترک نہیں کرنا چاہیئے۔ یہ احتیاط والی زندگی طویل ترین رہے گی۔ یہ ایک حقیقت ہے جس کا ہر شخص کو سامنا کرتے ہوئے زندگی آگے بڑھانا ہے۔
