بنا اجازت کے گاڑیوں کو مہربند کرنے کا انتباہ
یلاریڈی : بنا اجازت کے گھومنے والی گاڑیوں کو مہربند کرنے کا یلاریڈی ڈی ایس پی مسٹر شاشنک ریڈی نے انتباہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے اوقات کوئی باہر نظر نہ آئے ۔ بلاوجہ نکلنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا ۔ ایک علاقہ کا فرد دوسرے علاقہ کو اگر لاک ڈاؤن میں جانا چاہتا ہے تو آن لائین اجازت لیکر جاسکتا ہے ۔ یلاریڈی مستقر پر روزآنہ سرکل انسپکٹر راج شیکھر ، سب انسپکٹر شویتا گاڑیوں کی تنقیح کرکے جرمانہ عائد کررہے ہیں اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے اقدامات کررہے ہیں ۔ منڈل سدا شیونگر مستقر پر 44 ویں قومی شاہراہ پر ایک ہوٹل پر لاک ڈاؤن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اے ایس آئی ناگا بھوشنم نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی ہوٹل باضابطہ چلانے پر اس کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ انھوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سخت انتباہ دیا ۔ حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے اگر خلاف ورزی کی گئی تو اتنا بڑا فیصلہ یا مقصد فوت ہوکر رہ جائے گا ۔ ہر فرد کو اس بات کا مکمل لحاظ رکھنا ضروری ہے تاکہ جلد از جلد وباء کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور زندگی کو معمول پر لایا جاسکے ورنہ بداحتیاطی حالات کو مزید بگاڑکر بے قابو کرسکتی ہے اس لئے ہر فرد کو لاک ڈاؤن پر مکمل عمل آوری کو یقینی بنانے کی ذمہ داری ہے ۔
