یلاریڈی ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : یلاریڈی مستقر پر پاگل کتے کے حملہ میں دس افراد زخمی ہونے کا واقعہ رونما ہوا ۔ زخمیوں کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کرنے پر وہاں انجکشن و ادویات صرف تین افراد کے لیے کافی تھے ۔ ڈاکٹروں نے دوا نہ ہونے کی بات کہی ۔ جس کے بعد متاثرین کے رشتہ داروں نے ڈاکٹروں کو آڑے ہاتھ لیا اور دواخانہ کی لاپرواہی پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے آخر کار زخمیوں کو کاماریڈی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ میونسپلٹی ذمہ داروں سے پاگل کتوں کو پکڑ کر عوامی زندگیوں کو بچانے کا عوام نے مطالبہ کیا ۔ یلاریڈی ڈیویژن تو بنادیا گیا لیکن آج بھی سرکاری دواخانہ کا حال صد فیصد ابھی سدھرنے کو ہے ، کتے کے کاٹنے پر دواخانہ میں جب دوا میسر نہیں تو ذمہ داروں کی لاپرواہی پر تعجب سا ہوتا ہے ۔۔
