یلاریڈی میں کورونا کا قہر، عوام کی لاپرواہی جاری

   

بنا ماسک والوں پر جرمانے، محکمہ پولیس، میونسپل ، ریوینو متحرک

یلاریڈی۔ ڈیویژن کے منڈلوں میں روز بڑھتے کورونا کے قہر سے محکمہ ریوینو، پولیس اور میونسپل ذمہ دار متحرک ہوچکے ہیں۔ یلاریڈی مستقر پر بنا ماسک کے گھومنے والوں پر عہدیدار جرمانے عائد کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کا عوام کو مشورہ دے رہے ہیں۔ میونسپل کمشنر جیون نے عوام کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے اور اگر نکلیں تو ماسک کا صد فیصد استعمال کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ یلاریڈی ڈیویژن کے مختلف منڈلوں میں اور مستقر پر غیر معمولی طریقہ سے کورونا کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ یلاریڈی سرکاری دواخانہ سپرنٹنڈنٹ رویندرا موہن نے بتایا کہ دواخانہ میں 27 افراد کا کورونا ٹسٹ کرنے پر 10 افراد متاثر پائے گئے اور متمال پی ایچ سی ڈاکٹر وینکٹ سوامی کے مطابق پی ایچ سی میں 51 افراد کا ٹسٹ کرنے پر 9 افراد کی رپورٹ مثبت رہی جبکہ اس دواخانہ میں ٹیکہ اندازی بھی کی جارہی ہے۔ 70 افراد کو ویکسین دیا گیا۔ منڈل تاڑوائی کے ایرہ پہاڑ پی ایچ سی میں 115 افراد کا کورونا ٹسٹ کرنے پر سات افراد کو متاثر پایا گیا۔ ڈاکٹر رویندر ریڈی نے مزید بتایا کہ 80 افراد کو ویکسین بھی دیا گیا۔ یلاریڈی تحصیلدار سوامی ، ناگی ریڈی پیٹ تحصیلدار سعید احمد مسرور عوام کو ماسک کا ہر حال میں استعمال کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ روز بڑھتے کورونا کے واقعات پر تاجرین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے احتیاط اور چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ شخصی لاپرواہی تمام کیلئے مضر ثابت ہوسکتی ہے۔