یلاریڈی۔ ڈیویژن کے مختلف منڈلوں میں کورونا متاثرین میں کسی قدر کمی واقع ہوئی ہے لیکن اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ یلاریڈی سرکاری دواخانہ میں 50 افراد کا معائنہ کرنے پر 10 افراد متاثر رہے۔ متمال پی ایچ سی میں 35 افراد کے معائنہ پر تین افراد متاثر پائے گئے۔ راجم پیٹ میں دو افراد، سدا شیو نگر میں 9 افراد، ناگی ریڈی پیٹ میں 19 افراد ، لنگم پیٹ میں 27 افراد کورونا معائنہ کے دوران متاثر پائے گئے۔ اموات میں اضافہ ہوا۔ مستقر پر 70 سالہ شخص کورونا علاج کے دوران فوت ہوا۔ 60 سالہ ایک اور شخص نظام آباد میں علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ 60 سالہ موظف لائن مین رام سنگھ کا کورونا علاج حیدرآباد میں کیا جارہا تھا لیکن وہ فوت ہوگیا۔ ایک خاتون بھی کورونا سے متاثر ہوکر فوت ہوگئی۔ منڈل لنگم پیٹ میں موظف ایم ای او لکشمی پتی بیمار ہوکر علاج کے دوران فوت ہوگئے۔ منڈل میں گذشتہ ماہ موظف ایم ای او مان سنگھ راتھوڑ فوت ہوگئے تھے۔ اس طرح ایک ماہ کے اندر دو موظف ایم ای اوز چل بسے۔ منڈل گندھاری کے پتنگل میں 55 سالہ شخص کورونا سے متاثر ہوکر فوت ہوگیا۔ یلاریڈی ڈیویژن کے تمام منڈلوں میں کورونا کی دوسری لہر نے ضعیف افراد کو کافی متاثر کیا ہے اور تیزی سے پھیل رہی ہے۔ صرف آج ایک دن میں متاثرین کی کسی قدر معائنہ کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی۔ اگر اسی طرح کمی کا سلسلہ جاری رہا تو قابو پانے میں آسانی ہوگی۔
