یلاریڈی /8 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی پریس کلب کی جانب سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر غریب عوام کیلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مقامی تمام صحافیوں نے مل کر پہلے ان گاندھی چوک علاقہ میں غریب عوام کیلئے دوپہر کے کھانے کا اہتمام کیا ۔ جس کا افتتاح آر ڈی او مسٹر دیویندر ریڈی سب انسپکٹر شویتا کے ہاتھوں عمل میں لایا گیا ۔ لاک ڈاؤن ہونے سے غریب بے سہارہ لوگوں کو پیش آرہی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے مقامی صحافیوں نے جب تک لاک ڈاؤن رہے گا روزآنہ غریب عوام کو مفت غذاء دوپہر میں تقسیم کی جائے گی ۔ پہلے دن گاندھی چوک علاقہ میں اہتمام کیا گیا یہاں سے روزانہ میونسپل آفس احاطہ میں دوپہر کو تمام غریبوں کو کھانے کا نظم رکھا جارہا ہے ۔ اس موقع پر صحافیوں میں شیوا کمار ، راج کمار ، پرتھوی ، پرشانت گوڑ ، محمد غوث علی خاموشی ، سرکل انسپکٹر راج شیکھر میونسپل چیرمین ستیہ نارائنا اور دوسرے موجود تھے ۔
مقامی سطح پر کسانوں سے دھان خریدنے کی ہدایت
حسن آباد /8 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی حسن آباد مسٹر وی ستیش کمار نے آج منڈل دفتر حسن آباد پر منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے حلقہ کے ریونیو زراعت مارکیٹنگ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جاریہ موسم ربیع کے دوران کاشت کی گئی دھان کی فصل کو ہر موضع میں مقامی سطح پر ہی کسانوں سے خریدی کیلئے درکار تمام تر ضروری اقدامات کریں تاکہ جاریہ ملک گیر سطح کے لاک ڈاؤن کے باعث کسانوں کو مشکلات و نقصانات نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کسانوں کو اپنے اپنے مواضعات میں قائم کئے جانے والے سرکاری خریدی مراکز پر ہی دھان کو فروخت کرنے کا مشورہ دیا ۔ جائزہ اجلاس میں آر ڈی او جیا چندرا ریڈی تحصیلدار سید خواجہ عبدالرحمن ، و دیگر بھی موجود تھے ۔