یلاریڈی پیٹ میں ٹی آر ایس و بی جے پی کارکنوں میں جھڑپ

   

سرکل انسپکٹر کے بشمول کئی افراد زخمی، دو نوں پارٹیوں کی ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایت، حالات کشیدہ مگر قابو میں: ایس پی

گمبھی راؤ پیٹ۔ راجننہ سرسلہ ضلع کے یلاریڈی پیٹ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان کل رات دیر گئے تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں پارٹی کارکنان بشمول سرکل انسپکٹر زخمی ہوگئے جنہیں بغرض علاج دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب پارٹی سے متعلق مواد کو سوشیل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف پیش کیا گیا تھا۔ بعد ازاں دونوں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کروانے یلاریڈی پیٹ پولیس اسٹیشن آئے تھے جہاں دیکھتے ہی دیکھتے ایک دوسرے پر جوابی الزامات عائد کرتے ہوئے ایک دوسرے سے اُلجھ گئے اور تو اور ایک دوسرے پر حملہ تک بات آئی۔ بیچ بچاؤ میں آنے والے سرکل انسپکٹر بھی زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں ان پارٹیوں کے قائدین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے مقدمات درج کرنے کی مانگ کی۔ اس اثناء ٹی آر ایس قائدین نے بی جے پی قائد پر حملہ، جواب میں بی جے پی قائدین و کارکنوں نے ضلع صدر ٹی آر ایس کے مکان پہنچ کر ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔ حالات بگڑتے دیکھ کر پولیس کی بھاری جمعیت کو طلب کرلیا گیا تھا۔ رات دیر گئے تک بی جے پی قائدین نے پولیس اسٹیشن کے روبرو بی جے پی کارکنوں پر حملہ کرنے والے ٹی آر ایس کارکنوں و قائدین کو حراست میں لینے کی مانگ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ جس کے بعد آج ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد نے کاماریڈی تا کریم نگر جانے والی سڑک پر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ غنڈہ گردی کرتے ہوئے نہ صرف ضلع صدرسرسلہ ٹی آر ایس کے مکان پر حملہ کیا بلکہ ان کی گاڑی پر بھی حملہ کرتے ہوئے شیشے توڑدیئے۔ بعد ازاں ضلع ایس پی نے یلاریڈی پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دینے والے ٹی آر ایس قائدین کو سمجھا کر دھرنا ختم کروایا اور کل رات پیش آئے واقعات کی تحقیقات کی ۔ بعد ازاں ضلع ایس پی کے راہول ہیگڈے نے مقامی پولیس اسٹیشن میں میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یلاریڈی پیٹ کے حالات قابو میں ہیں۔ ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے بھاری تعداد میں پولیس ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔ واقعہ میں ملوث تمام تر افراد کی بعد نشاندہی مقدمات درج کئے جائیں گے۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ فوٹیج اور ویڈیو حاصل کئے جارہے ہیں تاکہ کارروائی انجام دی جاسکے ۔ واقعہ کے بعد سرسلہ ضلع میں سیاسی ماحول کافی گرم دیکھا گیا۔ ہر جگہ بی جے پی اور ٹی آر ایس پارٹی قائدین ایک دوسرے کے خلاف بیانات دیتے دیکھے جارہے ہیں۔