ڈھائی سال کے عرصہ میں صرف آر ڈی او اور ڈی ایس پی آفس کا قیام
یلاریڈی /15 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر کو ڈیویژن کا سنٹر بنائے ڈھائی سال کا طویل عرصہ گذرنے کو ہے اور مستقر پر اب تک صرف آر ڈی او آفس اور ڈی ایس پی آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ باقی سرکاری دفاتر کی جیسے یلاریڈی میں ضرورت ہی نہیں ہے ۔ اعلی عہدیداروں کا رویہ اور رہا ہے ۔ جس سے عوام تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔ 10 اکٹوبر 2016 کو یلاریڈی کو ڈیویژن بنایا گیا اور آج تک صرف آر ڈی او اور ڈی ایس پی آفسوں کا ہی قیام عمل میں لایا جانا کسی تعجب سے کم نہیں ۔ چند ماہ بعد ایس ٹی او آفس میں ATO آفس کا قیام کیاگیا ۔ ڈیویژن سطح کے تمام محکموں سے متعلق سرکاری دفاتر کا ابھی مکمل طریقہ سے قیام کیا جانا باقی ہے ۔ مگر کسی نمائندہ کو اس طرف دلچسپی ہے اور نہ کوئی اعلی عہدیداروں کو فکر ہے ۔ یلاریڈی ڈیویژن مستقر پر محکمہ برقی DE آفس منظور رکھے جانے کے باوجود آج تک آفس کا قیام نہ کیا جانا تعجب ہی ہے اور یہ آفس فی الوقت کاماریڈی میں ہی چلائی جارہی ہے ۔ جس کا مکمل عملہ بھی تقرر کردیا گیا ہے ۔ کرایہ کی عمارت میسر نہ ہونے سے ہی ڈی ای آفس یلاریڈی کے بجائے آج بھی کاماریڈی میں چلایا جارہا ہے ا س کے علاوہ آر اینڈ بی محکمہ آبرسانی ، محکمہ آبپاشی ، پنچایت راج EE آفس DLPO سرکاری رہائش ہاسٹلوں سے متعلق ڈیویژن آفس محکمہ تعلیم ڈپٹی ڈی ای او اور آر ٹی او اور دیگر سرکاری دفاتروں کا قیام عمل میں لایا جانا باقی ہے ۔ یلاریڈی کی عوام تشویش کا اظہار کرکے کہہ رہی ہے کہ صرف کاغذوں پر یلاریڈی کو ڈیویژن کا درجہ دینے ذمہ داری سے بھاگنے اور عدم دلچسپی کا سلسلہ برقرار رکھنے سے ترقی نہیں ہوگی ۔ آج بھی عوام کو ڈیویژن بنائے جانے کے بعد کاماریڈی ضلع کو سرکاری کاموں کیلئے رخ کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس لئے عوام عملی طور پر یلاریڈی کو ڈیویژن کا مکمل درجہ دینے کا ذمہ داران سے مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ یلاریڈی ڈیویژن بنائے جانے کے ساتھ ساتھ یہاں پر اس سطح کے سرکاری سہولتیں بھی عوام کیلئے ہوں ۔