یلاریڈی۔ ڈی ایس پی مسٹر ششانک ریڈی نے یلاریڈی مستقر پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں شاہراہ پر دورہ کرتے ہوئے ماسک نہ لگانے والوں کو انوکھے انداز میں پھول پیش کرتے ہوئے ماسک لگانے کی صلاح دی۔ گاڑی رانوں کو بھی انہوں نے روک کر پھول دیئے اور ماسک لگانے کو کہا۔ ترکاری مارکٹ کا بھی دورہ کرتے ہوئے ترکاری فروش افراد کو ماسک لگاکر تجارت کرنے کو کہا اور انہیں بھی پھول دیتے ہوئے پُرخلوص اپیل کرتے ہوئے ماسک لگانے کا مشورہ دیا۔ یلا ریڈی ڈی ایس پی مسٹر ششانک ریڈی کے اس انوکھے انداز کو دیکھ کر عوام نے ان کے صلاح دینے کے طریقہ پر ستائش کی اور ماسک لگائے رکھنے کا ڈی ایس پی سے وعدہ کیا۔ ڈی ایس پی نے مختلف دوکانات کے مالکان کو بھی خود جاکر پھول پیش کرکے ماسک لگانے کو کہا ۔ یہ انوکھا انداز توجہ کا مرکز رہا۔
میدک میں پنڈت نہرو کی 57 ویں برسی تقریب
میدک۔ سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو کی 57 ویں برسی کا میدک میں انعقاد عمل میں آیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری میاڈم بالکرشنا نے آنجہانی وزیراعظم جواہر لال نہرو کی تصویر پرپھول نچھاور کرتے ہوئے آنجہانی کی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ بالکرشنا نے کانگریس کارکنوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے آنجہانی پنڈت نہرو کے اصولوں پر کاربند رہنے کی تلقین کی۔