طوفانی بارش سے کئی مواضعات تاریک اور راستے بند
یلاریڈی ۔ 29 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بھر میں گزشتہ چار دنوں سے ہوئی طوفانی بارش نے عوام کے اوسان خطا کرکے رکھ دیئے۔ یلاریڈی بھی طوفانی بارش کے غیر معمولی طریقہ سے تمام آبی ذخائر کو مکمل کرنے تباہی کے راستہ کھول دیئے اور عوام کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ پراجکٹ، ندی، تالاب تمام لبریز ہوکر خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے سے کئی مواضعات کے راستے منہدم ہوکر فصلوں کو ہزاروں ایکڑ کو زیر آب کردیا۔ بے شمار راستہ مسدود ہونے سے عوام کی آمد ورفت غیر معمولی طریقہ سے متاثر ہوئی۔ یلاریڈی گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب شاہراہ اور کوٹال، حاجی پور علاقہ کی شاہراہ منہدم ہونے سے کاماریڈی سے آنا اور یلاریڈی سے جانا مسدود ہوکر رہ گیا۔ یلارْڈی سے حیدرآباد جانے کے لئے بھی شاہراہ بند ہے۔ بنجر، تانڈا کے پاس پانی جمع ہوگیا اور پوچارم پراجکٹ کے برج کی دونوں طرف شاہراہ پانی میں بہہ کر چلے گئی جس سے حیدرآباد کے لئے آمد و رفت مکمل بند ہو کر رہ گئی۔ نظام آباد اور بانسواڑہ جانے والی شاہراہ پر کلیانی پراجکٹ کا کٹہ ٹوٹ جانے سے پانی شاہراہ سے گذررہا ہے جس سے آمد ورفت میں خلل واقع ہو رہا ہے۔ دوسری طرف شیواپور کی سڑک پر بھی کثرت سے بارش کا پانی جمع ہونے سے آمد و رفت میں غیر معمولی خلل پڑ گیا۔ اس طرح فی الوقت یلاریڈی سے دوسری مقام کو جانے کے تمام راستہ شاہراہیں مسدود ہوگئے ہیں۔ یلاریڈی کی سڑکوں کے ساتھ ساتھ تماپور، لکشمی پور، تائی متیڑی تالاب منہدم ہو جانے سے غیر معمولی نقصان پیش آیا۔ حاجی پور کے پاس پوچارم کی بڑی کنال کو شگاف پڑگیا۔ تماریڈی میں لیول برج کا راستہ بہہ جانے سے تماریڈی کے لئے آمد ورفت مسدود ہوگئی۔ دو روزہ طوفانی بارش سے یلاریڈی منڈل میں 10 مکانات منہدم ہوگئے اور ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ و برباد ہوگئیں۔ تباہ فصلوں کا منہدم مکانوں کا، تالابوں، سڑک کا متعلقہ عہدیدار معائنہ کررہے ہیں۔ پانی کا بہاؤ کم ہوتے ہی آمد و رفت کو بحال کرنے کے لئے مکمل طریقہ سے متحرک ہوگئے ہیں۔ رکن اسمبلی مدن موہن راؤ بھی تمام متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ میں رہتے عوامی مشکلات کو کم کرنے میں مصروف ہیں۔