یلاریڈی کی فہرست رائے دہندگان میں بے شمار غلطیاں

   

مسلم مکانوں پر غیر مسلموں کے نام ، عوام میں تشویش کی لہر

یلاریڈی /10 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی میونسپل حدود کی فہرست رائے دہندگان میں مختلف خامیاں ایک ایک کرکے سامنے آرہے ہیں ۔ مستقر پر پٹھان گلی میں واقع نائب قاضی جناب خواجہ قطب الدین صابر کے مکان میں جملہ 9 رائے دہندے ہیں جن کا مکان نمبر 4-1-58 ہے اور وارڈ نمبر 10ہے ۔ اس نمبر پر مزید دو نامعلوم غیر مسلم گنگارام اور اس کی بیوی سواتی کے نام فہرست میں شامل کردئے گئے ۔ فہرست رائے دہندگان دیکھنے کے بعد نائب قاضی چونک گئے ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے شکایت کرنے کی بات کہی ۔ لیکن فی الوقت تو کچھ کہا جانا ممکن نہیں ہے ۔ اس طرح کئی وارڈوں میں ایسی شکایتیں سامنے آرہی ہیں ۔ جس سے خود مالک مکان حیران ہیں کہ ان کے مکان نمبر پر یہ کون رائے دہندے آگئے جن کے نام فہرست دہندگان میں شامل کردیا گیا ۔ فہرست رائے دہندگان جانچ کیلئے اور جائزہ لینے بہت کم وقت دئے جانے سے شکایتیں آرہی ہیں ۔ متعلقہ عہدیدار بھی رائے دہندوں کا درست طریقہ سے سروے نہ کرنے سے ہی اس طرح کے واقعات سامنے آرہے ہیں ۔ جس سے یلاریڈی میونسپل ووٹر لسٹ مشکوک معلوم ہو رہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق انتخابی میدان کے امیدوار بننے والوں نے اپنے اپنے وارڈ میں اپنے حامیوں کو مختلف مکانات کے نمبرات پر فہرست رائے دہندگان میں شامل کروالئے ۔ اس طرح پہلے ہی سے متوقع امیدواروں نے اپنے ووٹرس کو جمع کرلئے ہیں جو اب شکایتوں کی شکل میں سامنے آرہے ہیں ۔