ترقی کے لئے کانگریس کو ووٹ دینے کی ا پیل، گروپ میٹنگ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 7۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے دعویٰ کیا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس پارٹی کا پرچم لہرائے گا اور کوئی بھی طاقت کامیابی کو روک نہیں پائے گی۔ سریدھر بابو نے آج یلا ریڈی گوڑہ ڈیویژن میں پد یاترا کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ مقامی مسائل کی سماعت کے بعد سریدھر بابو نے عہدیداروں کو مسائل کے حل کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مخالف حکومت مہم کا رائے دہندوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور عوام نے بی جے پی اور بی آر ایس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ سریدھر بابو نے اس موقع پر گروپ میٹنگ سے خطاب کیا اور کہا کہ حکومت اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے ۔ کانگریس نظم و نسق اور سابق بی آر ایس دور حکومت میں کافی فرق ہے ۔ بی آر ایس نے حیدرآباد کی ترقی کو فراموش کردیا تھا ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حقیقی ترقی صرف شفافیت اور سنجیدگی سے ممکن ہے۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی شفافیت پر مبنی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ جوبلی ہلز میں عوام ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں گے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مکھن سنگھ راج ٹھاکر ، صدر ضلع کانگریس رنگا ریڈی ، نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔1