بیروت: حوثی ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر مسفر النمیر نے کہا ہے کہ بحری جہازوں کو یمنی آبی حدود میں داخل ہونے سے پہلے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول میری ٹائم افیئرز اتھارٹی سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حوثی عسکریت پسندوں نے نومبرکے وسط سے خلیج عدن میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی میں رْکاوٹ دالنے کیلئے بار بار ڈرون اور میزائل داغے۔حوثیوں کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کر رہے ہیں۔منگل کو امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ یمن کے حوثیوں کی طرف سے خلیج عدن میں کنٹینر بحری جہاز پر فائر کیے گئے دو اینٹی شپ بیلسٹک میزائلوں میں سے ایک نے جہاز کو ٹکر ماری اور نقصان پہنچایا۔سینٹ کام نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کوئی زخمی نہیں ہوا اور لائبیریا کے جھنڈے والے سوئس ملکیت کے کنٹینر جہاز نے مدد کی درخواست نہیں کی۔ایران سے منسلک حوثی باغیوں کے ایک فوجی ترجمان نے پیر کو کہا کہ انہوں نے جہاز کو ’متعدد بحری میزائلوں‘ سے نشانہ بنایا۔ حوثی غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر کی جہاز رانی کے راستوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔