یمنی باغیوں کا سینکڑوں سعودی جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

,

   

سعودی فوجیوں کی کثیر تعداد کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ، کئی تصاویر کی اجرائی

صنعا ؍ قاہرہ ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمنی باغیوں نے کہاہیکہ انہوں نے سعودی عرب زیرقیادت اتحاد کی فورسیس پر دونوں اقوام کی سرحد کے قریب بڑا حملہ کیا ہے اور ایک فوٹیج جاری کرتے ہوئے انہوں نے گرفتار شدہ فوجیوں کو دکھایا ہے۔ ان میں کئی سعودی آفیسرس شامل ہیں۔ باغیوں نے کئی تصاویر جاری کرتے ہوئے دکھایا کہ سعودی ملٹری گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ باغیوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اتحادی فورس کے 500 سپاہیوں کو ہلاک کیا زخمی کیا ہے۔ سعودی زیرقیادت اتحاد نے باغیوں کے دعوؤں پر ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ اگر اس کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ حملہ 5 سالہ خانہ جنگی میں حوثیوں کیلئے سب سے نمایاں کامیابی ہوجائے گی۔ اس دوران یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہیکہ دونوں ممالک کی سرحدوں کے قریب ایک زبردست حملہ میں سعودی فوجیوں کی کثیر تعداد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ایک حوثی ترجمان نے بتایا کہ تین سعودی بریگیڈس نے سعودی مستقر نجران کے قریب خودسپردگی اختیارکی جبکہ متعدد سعودی فوجی ہلاک بھی ہوئے۔ البتہ سعودی عرب حکام کی جانب سے اس کی توثیق نہیں کی گئی۔ حوثیوں کی ملکیت والے المثیرا ٹیلیویژن نیٹ ورک نے ایک طویل فوٹیج نشر کیا ہے جس میں باغیوں کا کہنا ہیکہ متعدد دشمن سپاہیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے ان تصاویر کی آزادانہ طور پر توثیق نہیں کی ہے۔ واشنگٹن اور ریاض حکومت کو تشویش ہیکہ باغیوں کی بڑھتی ملٹری قابلیت کے پس پردہ ایران کار فرما ہے۔