صنعا: یمن میں مشترکہ فورسز کے ایک اعلان کے مطابق الحدیدہ شہر کے جنوب میں کچھ روز پہلے مغربی ساحل کے علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں حوثی ملیشیا کا ایک اہم کمانڈر مارا گیا۔ اس کمانڈر نے ماضی میں ایران میں تربیت حاصل کی تھی۔چہارشنبہ کے روز مشترکہ فورسز کے عسکری میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ساحل میں حوثی ملیشیا کا اہم کمانڈر میجر جنرل ابو البتول الاقہومی مارا گیا۔بیان میں باخبر ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ “الاقہومی کا شمار حوثی ملیشیا کے ان سینئر کمانڈروں میں ہوتا ہے جو ماضی میں ایران میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ وہ حوثی ملیشیا کے سرغنے عبدالملک الحوثی کا مقرب ہے۔ الاقہومی کی ہلاکت نے حوثی ملیشیا کو مزید بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے”۔حوثی ملیشیا نے ایک بیان میں الاقہومی کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا ہے۔ تاہم اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی کہ مذکورہ کمانڈر کن حالات میں اور کہاں مارا گیا۔ ملیشیا نے الاقہومی کے مارے جانے کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔اس حوالے سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق الاقہومی نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ہاتھوں تربیت حاصل کی تھی۔ وہ مغربی ساحل کے علاقے میں کچھ عرصہ قبل حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے خود کش حملوں کی کارروائیوں کا اعلی نگران تھا۔