واشنگٹن :امریکی محکمہ خارجہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن نے یمن میں جنگ بندی میں توسیع کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے۔خیال رہے یمن میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، یہ مدت اتوار کو ختم ہو رہی۔ اسی تناظر میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فیصل بن فرحان اور بلنکن نے یمن میں امن قائم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بلنکن نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے یمن کی صدارتی کونسل کی مسلسل حمایت ضروری ہے۔یمن میں جنگ بندی میں توسیع نہ ہونے پر یمن میں امریکی سفیر سٹیو فیگن نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعہ سفیر نے یمنی فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ کی کوششوں کو ضائع نہ کریں اور جنگ بندی میں توسیع کو فوری قبول کر لیں۔یمنی حکومت نے ہفتہ کے روز کہا کہ وہ توسیع کی تجویز کے ساتھ مثبت طور پر نمٹے گی۔ حوثی بغاوت کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اعلان کیا کہ مفاہمت ختم ہو چکی ہے۔محمد عبد السلام نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر کہا کہ جنگ بندی کے چھ ماہ کے دوران ہم نے دوسری جانب سے معاملہ کے انسانی بنیادوں پر فوری حل میں کوئی سنجیدگی نہیں دیکھی۔