یمن جنگ کی خفیہ معلومات کے افشاء کا ذمہ دار میں ہوں: مائیک والٹز

   

واشنگٹن : امریکی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر مائیک والٹز نے یمن جنگ سے متعلق خفیہ معلومات گروپ چیٹ لیک کی مکمل ذمہ داری قبول کر لی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسجنگ ایپ سنگل کے گروپ چیٹ میں اعلیٰ عہدید داروں نے یمن جنگ سے متعلق انتہائی اہم خفیہ منصوبے سے متعلق معلومات شیئر کی تھی، جس میں ایک صحافی نادانستہ طور پر مائیک والٹز کی جانب سے شامل ہو گیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ میں پوری ذمہ داری لیتا ہوں، میں نے گروپ بنایا، سگنل ایپ پر ایک چیٹ گروپ بنا کر میں نے غلطی کی، جس کی وجہ سے یمن پر امریکی حملے کی منصوبہ بندی کی تفصیلات منظرِ عام پر آئیں یہ شرمناک تھا۔ان کا کہنا ہے کہ جو ہوا وہ ایک غلطی تھی، میں اس واقعہ کی پوری ذمے داری قبول کرتا ہوں۔مائیک والٹز نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے دی اٹلانٹک کے ایڈیٹر انچیف جیفری گولڈ برگ سے رابطہ نہیں کیا تھا، بلکہ کسی اور کا فون نمبر اس گروپ میں شامل کر رہا تھا لیکن اس دوران نادانستہ طور پر جیفری گولڈ برگ گروپ میں شامل ہو گئے۔