صنعاء : یمن کے دارالحکومت صنعا سے اتوار کو پہلی پرواز 200 سے زیادہ عازمین حج کو لے کر سعودی عرب پہنچ گئی۔یمن ایئر ویز کے طیارے میں 270 افراد سوار تھے۔ طیارہ ہفتہ کو صنعا ہوائی اڈے سے جدہ کے شاہ عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، اس پرواز کا اعلان یمنی وزیر اطلاعات معمر العریانی نے 15 جون کو کیا تھا۔یمن کا دارالحکومت صنعا 2014 سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے کنٹرول میں ہے۔سال 2016 میں صنعا ہوائی اڈے کو تجارتی پروازوں کے لیے بند کیے جانے کے بعد یہ پہلی پرواز ہے۔سعودی عرب آمد پر یمنی عازمین نے مملکت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور ہوائی اڈے کے حکام کی جانب سے پرتپاک استقبال کے لیے اپنی تعریف کا اظہار کیا۔سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا تھا کہ اس فیصلے کی جڑیں مملکت کے مختلف حصوں سے آنے والے یمنی باشندوں کو حج کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی خواہش پر مبنی ہیں۔یاد رہے متوقع طور پر حج کے مناسک 26 جون سے شروع ہونے ہیں۔اپریل 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد یمن میں لڑائی کافی حد تک کم ہوگئی ہے، جنگ بندی اکتوبر میں ختم ہوگئی ہے لیکن لڑائی بڑی حد تک رکی ہوئی ہے۔